کولمبیا کی سربراہی میں 62 ممالک کے اشتراک سے ڈرگ مافیا کے خلاف ایک بڑے کومبنگ آپریشن کے دوران 1400 ٹن منشیات پکڑی گئیں، جسے دنیا کی تاریخ کی سب سے بڑی برآمدگی قرار دیا جا رہا ہے۔
آپریشن کے دوران منشیات کو 6 ایسی نیم زیرآب کشتیوں میں چھپایا گیا تھا جو آدھی پانی کے اندر اور آدھی باہر ہوتی ہیں۔ یہ کشتیوں منشیات کو آسٹریلیا اسمگل کرنے کے لیے پیسیفک اوشن کے جنوب مغربی کلیپیٹرن جزیرے کے ذریعے لے جا رہی تھیں۔
پکڑی جانے والی منشیات کی تفصیلات
رپورٹس کے مطابق برآمد ہونے والی منشیات میں 225 ٹن کوکین اور 1000 ٹن گانجھا شامل ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق دنیا میں سالانہ 2700 ٹن کوکین تیار کی جاتی ہے، اور کولمبیا میں 2022 میں پکڑی گئی کوکین کا ریکارڈ 670 ٹن تھا۔
کولمبین نیوی کے انسداد منشیات یونٹ کے ڈائریکٹر کیپٹن مینوئل روڈریگوئز نے آپریشن کو کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ڈرگ مافیا کے 8.5 ارب ڈالر کی آمدنی روکی گئی اور بے شمار انسانی جانیں ضائع ہونے سے بچ گئیں۔
آپریشن کے دوران 400 سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا، غیر قانونی اسلحے کی اسمگلنگ کو روکا گیا، اور انسانی اسمگلرز کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ حکام کے مطابق یہ کارروائی ڈرگ مافیا کے خلاف ایک تاریخی فتح ہے۔