امریکی صدارتی امیدوار اور سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارتی انتخابات کی قبل از وقت ووٹنگ پر دھاندلی کے سنگین الزامات عائد کر دیے ہیں۔ امریکی ریاستوں میں 5 نومبر کو ہونے والے انتخابات کے لئے قبل از وقت پولنگ جاری ہے، جسے ٹرمپ کے اس بیان نے متنازعہ بنا دیا ہے اور ووٹنگ کی ساکھ پر گہرے سوالات اٹھا دیے ہیں۔
ریپبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے ریاست پنسلوینیا میں ووٹوں کی مبینہ دھاندلی کو انتہائی ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ وہاں قبل از وقت انتخابات میں وسیع پیمانے پر بدعنوانی کی جا رہی ہے، جس سے جمہوری عمل پر سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
دوسری جانب صدارتی انتخابات جیسے حساس موقع پر امیدواروں کے درمیان تلخ بیانات کا سلسلہ شدت اختیار کر گیا ہے۔ موجودہ صدر جو بائیڈن نے ڈونلڈ ٹرمپ کو “ناکام ترین شخصیت” اور ان کے حامیوں کو “کچرا” قرار دے دیا، جس نے سیاسی ماحول میں مزید تناؤ پیدا کر دیا ہے۔
تاہم، ڈیموکریٹک امیدوار کملا ہیرس نے اس پر اختلاف ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ کامیابی کی صورت میں تمام امریکیوں کی نمائندگی کریں گی، چاہے انہیں ووٹ دیا گیا ہو یا نہ دیا گیا ہو۔ انہوں نے کہا کہ “یہ کسی کو ووٹ دینے یا نہ دینے کا مسئلہ نہیں، بلکہ پورے ملک کی خدمت کا عزم ہے”۔