آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف کا کہنا ہے ، آذر بائیجان میں پاکستانی چاول کو 2027 تک ڈیوٹی فری رسائی حاصل ہے، پاکستانی تاجر اس موقع سے فائدہ اٹھائیں۔
لاہور چیمبر آف کامرس میں خطاب کے دوران آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف کا کہنا تھا آذربائیجان لاہور میں ٹریڈ سنٹر بھی قائم کرے گا ۔ پاکستان آذربائیجان کا مشترکہ چیمبر آف کامرس بھی قائم کیا جائےگا، دونوں ممالک کے درمیان براہ راست پروازوں سے باہمی تجارت میں تین گنا تک اضافہ ہوا ہے۔
خضر فرہادوف کا کہنا تھا ، پاکستانی تاجر آذربائیجان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں ، آذربائیجان کی عوام کے دلوں میں پاکستانی عوام کیلئے محبت اور احترام کے جذبات ہیں ۔
اس موقع پر صدر لاہور چیمبر آف کامرس نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم ایک ارب ڈالر تک پہنچایا جاسکتا ہے۔ پاکستان سے ادویات، کھیلوں کا سامان، سرجیکل آلات، چمڑے کی مصنوعات آذربائیجان کی ضروریات پوری کرسکتی ہیں،دونوں ممالک کے درمیان تجارتی، معاشی اور دفاعی تعاون بڑھنا خوش آئند ہے۔