ایف بی آر کو7ماہ میں ٹیکس وصولیوں میں شارٹ فال کا سامنا

فیڈل بورڈ آف ریونیو کو رواں ماہ جنوری کے دوران 50 ارب روپے سے زائد ریونیو شارٹ فال کا امکان ہے جبکہ ایف بی آر کو رواں مالی سال کے پہلے سات ماہ میں مجموعی طور پر 440 ارب روپے ٹیکس شارٹ فال کا خدشہ ہے ۔

ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے ، رواں ماہ (جنوری2025) کیلئے ٹیکس وصولی کا ہدف 956 ارب روپے مقرر کیا گیا تھا ، لیکن اسکے مقابلے میں صرف 900 ارب روپے کی وصولی کا امکان ہے۔ تاہم رواں سہ ماہی ( جنوری سے مارچ2025) کیلئے ایف بی آر نے ٹیکس وصولی کا ہدف 3100 ارب روپے ہدف مقرر کررکھا ہے۔

ذرائع کے مطابق مالی سال کی پہلی ششماہی میں ایف بی آر کو 386 ارب روپے کا شارٹ فال کا سامنا کرنا پڑا ، تاہم ایف بی آر حکام کو فروری اور مارچ کے مہینوں میں ٹیکس وصولی میں بہتری کی توقع ہے۔

ذرائع کے مطابق پراپرٹی ٹرانزیکشنز پر ٹیکس ریٹ میں ممکنہ کمی سے بھی ایف بی آر ریونیو میں اضافے کی توقع کی جارہی ہے جبکہ قابلِ ٹیکس درآمدات 5 فیصد اضافے کے بعد 15 فیصد تک پہنچ گئی ہیں ۔ مالی سال کی آخری سہ ماہی میں ٹیکس وصولی مزید تیز ہونے کا امکان ہے ۔  ایف بی آر کا رواں سال کیلئے12970 ارب روپے ٹیکس ہدف مقرر ہے ۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں