یاہو نے گوگل کروم خریدنے میں دلچسپی ظاہر کر دی

انٹرنیٹ کی دنیا میں ایک بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں امریکی انٹرنیٹ کمپنی یاہو نے گوگل کا مقبول ترین ویب براؤزر کروم خریدنے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

ٹیکنالوجی رپورٹس کے مطابق، امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے گوگل پر سرچ مارکیٹ میں اجارہ داری کے الزامات کے تحت وفاقی عدالت کو یہ تجویز دی گئی تھی کہ گوگل کو اپنا کروم براؤزر فروخت کر دینا چاہیے۔ اس اقدام کا مقصد آن لائن سرچ مارکیٹ میں مسابقت کو فروغ دینا ہے۔

تازہ اطلاعات کے مطابق، یاہو کے مالک نے کروم براؤزر کی ممکنہ فروخت میں دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر گوگل کو عدالت کی جانب سے براؤزر بیچنے پر مجبور کیا گیا، تو وہ اس کی خریداری کے لیے بولی لگائیں گے۔

یاہو سرچ کے جنرل مینیجر، برائن پرووسٹ، نے دو روز قبل واشنگٹن میں جاری گوگل ٹرائل کے دوران اپنے مؤقف میں بتایا کہ ان کے اندازے کے مطابق کروم براؤزر کی مالیت 10 ارب ڈالر سے زائد ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ “کروم ویب پر سب سے اہم اسٹریٹجک پلیئر ہے اور ہم Apollo Global کے ساتھ مل کر اس کی خریداری کے قابل ہو سکتے ہیں۔”

یاد رہے کہ یاہو کبھی سرچ انجن کی دنیا میں گوگل کا سب سے بڑا حریف تھا۔ 2000 کی دہائی کے اوائل میں یاہو کا طوطی بولتا تھا، تاہم وقت کے ساتھ کمپنی کی قیادت اور سمت کئی بار بدلی۔ آخرکار 2021 میں Apollo Global نے یاہو کو Verizon Communications Inc سے خرید لیا تھا۔

کیا یاہو ایک بار پھر انٹرنیٹ کی دنیا میں اپنی کھوئی ہوئی حکمرانی واپس حاصل کر پائے گا؟ اس سوال کا جواب آنے والے وقت میں ملے گا

Author

اپنا تبصرہ لکھیں