ایکس (ٹوئٹر) میں بہت جلد ایک بڑی تبدیلی متوقع ہے جو صارفین کے میسجنگ کے انداز کو مکمل طور پر بدل سکتی ہے۔ اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر موجود ڈائریکٹ میسجز (ڈی ایمز) کو ختم کر کے ایک نیا چیٹنگ سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے جسے “ایکس چیٹ” کا نام دیا جائے گا۔
ایکس کے سافٹ وئیر انجینئر زیک واریونیک نے ایک پوسٹ کے جواب میں بتایا کہ جلد ہی ڈی ایم کا مکمل خاتمہ کر دیا جائے گا اور اس کی جگہ ایک مکمل چیٹ پلیٹ فارم لے گا، جس میں صارفین کو میسجنگ کے مزید جدید اور محفوظ فیچرز فراہم کیے جائیں گے۔
یہ پہلی بار نہیں ہے کہ ایکس چیٹ کے بارے میں بات ہو رہی ہو۔ 2025 کے آغاز میں ایکس کے ایک اکاؤنٹ “ایکس ڈیلی” پر ایک سکرین شاٹ شیئر کیا گیا تھا جس میں ایکس چیٹ کا آئیکون پلیٹ فارم کے سائیڈ بار میں “میسجز” کی جگہ موجود تھا۔ بعد ازاں، اپریل کے اوائل میں ایک صارف نے ایکس چیٹ کی پن ویری فکیشن اسکرین کے اسکرین شاٹس پوسٹ کیے تھے، جبکہ 16 اپریل کو ایک اور صارف نے ایکس چیٹ کے فیچرز کی فہرست اور سکرین شاٹس لیک کیے۔
ایکس چیٹ کے ذریعے صارفین کو اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کے تحت محفوظ چیٹنگ کی سہولت ملے گی۔ اس کے علاوہ فائل ٹرانسفرز جیسے جدید فیچرز بھی اس پلیٹ فارم میں شامل ہوں گے، جس سے ایکس صرف سوشل میڈیا ہی نہیں بلکہ ایک مکمل کمیونیکیشن پلیٹ فارم بنتا دکھائی دے رہا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ فروری میں ایکس کے مالک ایلون مسک نے اعلان کیا تھا کہ وہ چند ماہ میں اپنا فون نمبر بند کروا دیں گے اور صرف ایکس کو کالز اور ٹیکسٹ کے لیے استعمال کریں گے، جو کہ ایکس چیٹ کی آمد کا عندیہ تھا۔ اب ایسا لگتا ہے کہ یہ فیچر جلد ہی تمام صارفین کو دستیاب ہو جائے گا۔