سردیوں میں قوتِ مدافعت مضبوط رکھنے کے آسان طریقے!

سردیوں کے موسم میں درجہ حرارت کم ہونے کے ساتھ نزلہ، زکام اور فلو کے کیسز بڑھ جاتے ہیں۔ اس وجہ سے جسم کی قوتِ مدافعت کو مضبوط رکھنا انتہائی ضروری ہے تاکہ سردیوں کی بیماریوں سے محفوظ رہا جا سکے۔ ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ چند قدرتی غذائیں اور روزمرہ کی عادات اپنا کر جسمانی دفاعی نظام کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔

ادرک جسم کے مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے میں مدد دیتا ہے۔ اس میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس اور سوزش کم کرنے والے اجزاء بیماریوں سے لڑنے کی صلاحیت بڑھاتے ہیں۔ ادرک کو شہد کے ساتھ گرم پانی میں یا چائے میں شامل کر کے پیا جا سکتا ہے۔

ہلدی بھی قوتِ مدافعت بڑھانے میں مؤثر ثابت ہوتی ہے۔ اس میں موجود کرکیومن بیکٹیریا اور وائرس کے خلاف مددگار ہوتا ہے۔ ماہرین کے مطابق نیم گرم دودھ میں ہلدی شامل کر کے روزانہ پینا جسمانی صحت اور بیماریوں کے خلاف مزاحمت میں اضافہ کرتا ہے۔

دار چینی خون کی گردش بہتر بنانے کے ساتھ مدافعتی نظام کو مضبوط کرنے میں بھی مددگار ہے۔ یہ سردیوں میں جسم کو گرم رکھنے کے ساتھ ساتھ بلڈ شوگر کی سطح کو بھی متوازن رکھتی ہے۔ اسے شہد کے ساتھ چائے میں یا کھانوں میں شامل کر کے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

پودینہ نہ صرف خوشبودار ہوتا ہے بلکہ اس میں موجود اینٹی مائیکروبیل خصوصیات سانس کی نالی کی سوزش کم کرنے اور موسمی بیماریوں سے بچاؤ میں مددگار ہیں۔ روزانہ ایک کپ گرم پودینے کی چائے پینے کی سفارش کی جاتی ہے تاکہ ناک کی بندش کم ہو اور مدافعتی صلاحیت بہتر ہو۔

سبز چائے اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتی ہے اور یہ جسم کو مختلف بیماریوں سے محفوظ رکھنے میں مدد دیتی ہے۔ ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ دن میں ایک یا دو کپ سبز چائے بغیر چینی کے پینے سے قوتِ مدافعت بہتر رہتی ہے۔

ماہرین صحت یہ بھی کہتے ہیں کہ ان غذاؤں کے ساتھ متوازن خوراک، باقاعدہ ورزش اور مناسب نیند بھی بہت ضروری ہے۔ ان عادات کو اپنانے سے سردیوں میں جسمانی صحت برقرار رہتی ہے اور مدافعتی نظام مضبوط رہتا ہے، جس سے نزلہ، زکام اور فلو کے خطرات کم ہو جاتے ہیں

Author

اپنا تبصرہ لکھیں