گوگل نے پاکستان میں جدید ترین مصنوعی ذہانت کے ٹولز متعارف کر دیے

گوگل نے پاکستان میں اپنے جدید ترین مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی ویڈیو اور فلم سازی ٹولز Veo 3 اور Flow متعارف کرا دیے ہیں، جو پاکستانی ڈیجیٹل کنٹینٹ کری ایٹرز اور فلم سازوں کے لیے ایک انقلابی پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق، Veo 3 ایک جدید ویڈیو جنریشن ماڈل ہے جو دنیا کے 150 سے زائد ممالک بشمول پاکستان میں گوگل اے آئی پرو سبسکرائبرز کے لیے دستیاب کر دیا گیا ہے۔ اس ٹول کے ذریعے صارفین اپنی پسندیدہ تصاویر کو صرف آواز اور منظر کی تفصیل دے کر آٹھ سیکنڈ کے واضح ویڈیو کلپس میں تبدیل کر سکتے ہیں۔ گوگل کے مطابق، صرف سات ہفتوں میں صارفین نے اس ٹیکنالوجی کے ذریعے چار کروڑ سے زائد ویڈیوز تخلیق کی ہیں، جن میں کہانی گوئی، تخلیقی تجربات اور ایسمار (ASMR) جیسے رجحانات شامل ہیں۔

پاکستان جیسے ملک میں جہاں ڈیجیٹل میڈیا کی دنیا تیزی سے وسعت اختیار کر رہی ہے، Veo 3 کنٹینٹ کری ایٹرز کے لیے نہایت اہم موقع فراہم کرتا ہے کہ وہ اپنی جامد تصاویر کو متحرک ویڈیوز میں تبدیل کر کے ایک نیا انداز اپنائیں۔ صارفین صرف گوگل کے پرامپٹ باکس میں “ویڈیوز” کا انتخاب کر کے تصویر اپ لوڈ کرتے ہیں، منظر اور آواز کی ہدایات دیتے ہیں اور جیمینی نامی اے آئی ماڈل خود بخود ایک ویڈیو تیار کرتا ہے، جسے باآسانی ڈاؤن لوڈ یا شیئر کیا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب، Google Flow فلم سازی کا ایک اور اے آئی ٹول ہے جسے خاص طور پر ویڈیو میں ساؤنڈ ایفیکٹس اور بیک گراؤنڈ آڈیو شامل کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اگرچہ اس وقت آڈیو جنریشن کا فیچر ابھی تجرباتی مرحلے میں ہے، مگر اس کے ذریعے تخلیقی امکانات کے کئی نئے در وا ہو چکے ہیں۔ “فریمز ٹو ویڈیو” فیچر کی مدد سے صارفین اپنی ذاتی تصاویر کو حیرت انگیز ویڈیو کلپس میں تبدیل کر سکتے ہیں، جب کہ Veo 3 Fast ورژن کے ذریعے محدود کریڈٹس کا مؤثر استعمال بھی ممکن ہے۔

گوگل نے اس ٹیکنالوجی میں شفافیت اور محفوظ استعمال کو یقینی بنانے کے لیے ہر ویڈیو پر ایک واضح واٹر مارک اور SynthID نامی غیر مرئی ڈیجیٹل مارکر شامل کیا ہے تاکہ صارفین کو معلوم ہو کہ یہ مواد مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ ہے۔ کمپنی نے ان ٹولز کے ممکنہ غلط استعمال کو روکنے کے لیے “ریڈ ٹیم” کی مشقیں اور مسلسل پالیسی اپڈیٹس بھی کی ہیں، جب کہ صارفین کی رائے کو بھی سنا جا رہا ہے تاکہ حفاظتی اقدامات مزید مؤثر بنائے جا سکیں۔

گوگل کی یہ پیش رفت پاکستان سمیت دنیا بھر کے تخلیقی افراد کے لیے ایک زبردست موقع فراہم کرتی ہے کہ وہ ٹیکنالوجی کے ذریعے اپنی کہانیوں، خیالات اور یادوں کو ایک نئے، جاندار انداز میں پیش کر سکیں۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں