ازبکستان کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ دنیا کے مختلف ممالک میں قائم ازبک سفارتی مشنز رمضان المبارک کے دوران اپنے ہم وطنوں کے اعزاز میں افطار تقریبات کا اہتمام کریں گے۔ یہ تقریبات 10 ممالک کے 50 سے زائد شہروں میں منعقد کی جائیں گی۔
یہ اقدام 16 فروری 2026 کے صدارتی فرمان کے تحت کیا جا رہا ہے، جس کا عنوان ’’ماہِ مقدس رمضان کی باوقار انداز میں ادائیگی‘‘ ہے اور جس کا نعرہ رکھا گیا ہے، ’’رمضان : رحمت، ہم آہنگی اور شکرگزاری کا مہینہ‘‘۔ اس کا مقصد بیرون ملک مقیم ازبک شہریوں کو روحانی اور اخلاقی طور پر مضبوط بنانا اور ان کے وطن سے تعلق کو مزید مستحکم کرنا ہے۔
افطار تقریبات سعودی عرب کے شہروں مکہ اور مدینہ کے علاوہ سیول، استنبول، انقرہ، قاہرہ، عمان اور کوالالمپور میں بھی منعقد ہوں گی۔ شمالی امریکا میں واشنگٹن، نیویارک اور ٹورنٹو سمیت دیگر شہروں میں بھی اجتماعات کا اہتمام کیا جائے گا۔
روس میں سب سے زیادہ تقریبات کا انعقاد ہوگا جہاں 20 شہروں میں افطار پروگرام رکھے گئے ہیں۔ امریکا میں 10 شہروں میں اجتماعات ہوں گے جبکہ ان میں سے 6 شہروں میں 15 علیحدہ تقاریب منعقد کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ ڈلاس، فلاڈیلفیا، اورلینڈو، نووسیبرسک، تومسک اور یکاترِن برگ میں مقامی کمیونٹی کی جانب سے بھی افطار تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔
وزارت خارجہ کے مطابق، ان پروگراموں کا بنیادی مقصد بیرون ملک مقیم ازبک شہریوں، خصوصا محنت کش تارکین وطن اور طلبہ کو اخلاقی سہارا فراہم کرنا اور ان کے درمیان اتحاد اور ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔
یہ تقریبات ازبکستان کے سفارت خانوں اور قونصل خانوں کے زیر اہتمام منعقد کی جا رہی ہیں جن میں مسلم بورڈ اور مذہبی امور کی کمیٹی بھی تعاون کر رہی ہے۔ ازبکستان سے ممتاز علمائے کرام اور ائمہ بھی ان اجتماعات میں شرکت کریں گے، جو اسلام کی انسان دوستی، برداشت اور روحانی اقدار پر روشنی ڈالیں گے۔
وزارت کے مطابق، جنوبی کوریا، روس، آذربائیجان اور ملائیشیا کے مختلف شہروں میں چند افطار تقریبات پہلے ہی منعقد کی جا چکی ہیں، جبکہ دیگر شہروں میں یہ سلسلہ رمضان المبارک کے دوران جاری رہے گا۔