ازبکستان کے علاقے فرغانہ کے ضلع تاشلک میں نوجوانوں کے لیے جدید آئی ٹی سینٹر قائم کیا گیا ہے۔ اس مرکز کا مقصد نوجوانوں کو کمپیوٹر اور ٹیکنالوجی کی تعلیم دینا، انہیں جدید سہولتوں تک رسائی فراہم کرنا اور سماجی سرگرمیوں میں ان کی شمولیت بڑھانا ہے۔
یہ منصوبہ اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (UNDP) کے تعاون سے اور جاپان کی حکومت کی مالی مدد سے مکمل کیا گیا ہے۔ اس میں ازبکستان کی نوجوانوں کے امور کی ایجنسی، فرغانہ ریجنل انتظامیہ (خوکمیات) اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے علاقائی مرکز نے بھی حصہ لیا۔
افتتاحی تقریب میں فرغانہ ریجن کے نائب حکام شیرزودجون پولوانوف اور ازبکستان میں اقوام متحدہ کی نمائندہ اکیکو فوجی نے شرکت کی۔
یہ مرکز ازبکستان کے نوجوانوں کے لیے ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے، کیونکہ ملک کی تقریباً 60 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر ہے۔ اس سینٹر کے ذریعے نوجوانوں کو سیکھنے، رہنمائی حاصل کرنے اور جدید ڈیجیٹل آلات کے استعمال کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ اس کا مقصد نوجوانوں میں اختراع (Innovation)، کاروباری صلاحیت اور سماجی شعور کو فروغ دینا ہے۔
اس کے علاوہ مرکز میں مختلف تربیتی ورکشاپس، مفت قانونی مشورے اور نفسیاتی مدد کی سہولت بھی دی جائے گی، خاص طور پر ان نوجوانوں کے لیے جو سماجی طور پر کمزور طبقے سے تعلق رکھتے ہیں۔
مقامی اور بین الاقوامی ماہرین کی زیر نگرانی اس مرکز کے پروگرام جدید اور جامع انداز میں تیار کیے گئے ہیں، تاکہ نوجوانوں کو بہتر مستقبل کے لیے ہر ممکن رہنمائی اور سہولت فراہم کی جا سکے