ازبکستان میں نئے سال کا آغاز کاروباری سرگرمیوں میں واضح بہتری اور مسلسل ترقی کے ساتھ ہوا ہے۔ سینٹر فار اکنامک ریسرچ اینڈ ریفارمز کی تازہ رپورٹ کے مطابق، ملک کے تمام بڑے علاقوں میں معاشی اشاریوں میں مثبت رجحان دیکھنے میں آیا ہے۔ یہ جائزہ ٹیکس اور کسٹمز کمیٹیوں، مرکزی بینک اور ازبک ریپبلکن کموڈٹی ایکسچینج کے آپریشنل اعداد و شمار کی بنیاد پر تیار کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، جنوری تک ٹیکس محصولات میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 39 اعشاریہ 2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ سب سے زیادہ اضافہ سیر دریا ریجن، نوائی ریجن، خوارزم ریجن اور کشکادریا ریجن میں دیکھا گیا، جہاں اوسط شرح نمو تقریبا 49 فیصد رہی۔ ذاتی آمدنی ٹیکس کی وصولیوں میں 15 اعشاریہ 1 فیصد، پراپرٹی ٹیکس میں 19 اعشاریہ 6 فیصد اور لینڈ ٹیکس میں 20 اعشاریہ 3 فیصد اضافہ ہوا، جو معاشی سرگرمیوں میں وسعت کی نشاندہی کرتا ہے۔
کسٹمز ادائیگیوں میں بھی سال بہ سال 19 اعشاریہ 8 فیصد اضافہ ہوا۔ نوائی ریجن، جِزاخ ریجن اور نمنگان ریجن اس حوالے سے سرفہرست رہے، جہاں اوسطا تقریبا 67 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے علاوہ سمرقند ریجن اور جمہوریہ قراقالپاکستان میں بھی محصولات میں اوسطا 31 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔
غیر ملکی تجارت کے اشاریوں کے مطابق اشیاء کی برآمدات میں 19 اعشاریہ 5 فیصد اضافہ ہوا۔ تاشقند ریجن اور نوائی ریجن میں برآمدی ترسیلات میں سب سے نمایاں اضافہ دیکھا گیا، جہاں اوسطا 47 فیصد نمو ریکارڈ کی گئی۔
قرضہ جاتی سرگرمیوں میں بھی وسعت آئی ہے۔ رپورٹنگ مدت کے دوران کمرشل بینکوں کی جانب سے جاری کیے گئے قرضوں کے حجم میں 2 اعشاریہ 7 فیصد اضافہ ہوا۔ سمرقند ریجن، بخارا ریجن اور خوارزم ریجن میں سب سے زیادہ اضافہ دیکھا گیا، جہاں اوسطا تقریبا 58 فیصد نمو ریکارڈ کی گئی۔
نجی شعبے کی سرگرمیوں میں اضافہ نئے کاروباری اداروں کی رجسٹریشن سے بھی ظاہر ہوتا ہے۔ جنوری 2026 میں مجموعی طور پر 7 ہزار 116 نئے ادارے رجسٹر کیے گئے۔ شہر تاشقند میں سب سے زیادہ یعنی ایک ہزار 712 نئے کاروباری ادارے قائم ہوئے، جبکہ تاشقند ریجن، سمرقند ریجن اور خوارزم ریجن بھی سرفہرست علاقوں میں شامل رہے۔
ازبک ریپبلکن کموڈٹی ایکسچینج پر لین دین کا حجم ایک اعشاریہ آٹھ گنا بڑھ گیاہے۔ ملک کے بیشتر علاقوں میں ایکسچینج سرگرمیوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، خاص طور پر سیر دریا ریجن میں جہاں سرگرمیوں میں 11 اعشاریہ 1 گنا اضافہ ہوا۔ اس کے علاوہ خوارزم، سرخندریا، بخارا، جِزاخ اور کشکادریا ریجن میں بھی نمایاں نمو دیکھنے میں آئی، جہاں اوسطا 6 اعشاریہ 5 گنا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق، مجموعی طور پر ازبکستان کے مختلف علاقوں میں کاروباری ماحول بہتر ہو رہا ہے اور سال کے آغاز میں معاشی سرگرمیوں کی رفتار حوصلہ افزا رہی ہے، جو آئندہ مہینوں میں مزید ترقی کی بنیاد بن سکتی ہے۔