ازبکستان ایئرویز کا 2026 میں جدید ایئر بس A321neo چلانے کا اعلان

ازبکستان کی قومی ایئرلائن ‘ازبکستان ایئرویز’ نے اعلان کیا ہے کہ، وہ سال 2026 میں اپنے بیڑے میں دو جدید اور کشادہ ایئربس A321neo طیارے شامل کرے گی۔

یہ طیارے چین کی ایئرکرافٹ لیزنگ کمپنی ‘چائنا ایئرکرافٹ لیزنگ گروپ ہولڈنگز لمیٹڈ’سے لیز پر حاصل کیے جائیں گے۔

ان دونوں طیاروں کو 16 بزنس کلاس نشستوں کے ساتھ ترتیب دیا جائے گا جن میں مکمل فلیٹ بیڈ کی سہولت ہوگی، جبکہ اکانومی کلاس میں 156 نشستیں ہوں گی۔ طیارے کا اندرونی ڈیزائن ایئربس کے جدید ‘ایئرسپیس پریمیم’ تصور کے مطابق ہوگا جس میں بہتر آواز کی موصلیت، بڑے اوورہیڈ کمپارٹمنٹس، زیادہ ذاتی جگہ اور جدید ایل ای ڈی روشنی شامل ہوگی۔

مسافروں کے لیے دورانِ پرواز وائی فائی اور ذاتی انٹرٹینمنٹ سسٹمز بھی موجود ہوں گے جن کے ذریعے فلمیں، موسیقی، گیمز اور پرواز سے متعلق معلومات براہ راست ذاتی اسکرینوں پر دستیاب ہوں گی۔

ایئرلائن کے مطابق، A321neo اپنی کیٹیگری میں سب سے جدید ٹیکنالوجی پر مبنی طیارہ ہے، جو ایندھن کی بچت، طویل پرواز کی صلاحیت اور کم شور کی خصوصیات کی وجہ سے درمیانے اور طویل فاصلے کی پروازوں کے لیے نہایت موزوں ہے۔
طویل المدتی منصوبوں کے تحت، ازبکستان ایئرویز 14 بوئنگ 787-8 ڈریم لائنر طیارے حاصل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے جن کی مجموعی مالیت تقریبا دو ارب امریکی ڈالر ہوگی۔ اس سلسلے میں بوئنگ کے ساتھ مفاہمت کی ایک یادداشت پر رواں سال دستخط کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ ان طیاروں کی فراہمی 2029 سے 2032 کے درمیان متوقع ہے۔

اس کے علاوہ 2028 سے 2030 کے دوران ایئرلائن مزید 14 ایئربس طیارے حاصل کرے گی، جن کا آرڈر ازبکستان کے صدر کے فرانس کے سرکاری دورے کے بعد دیا گیا تھا۔ ازبکستان ایئرویز نے اس معاہدے کے لیے ابتدائی ادائیگیاں اپنی مالی وسائل سے شروع کر دی ہیں۔

Author

  • The standard lorem ipsum passage has been a printer's friend for centuries. Like stock photos today, it served as a placeholder for actual content. The original text comes from Cicero's philosophical work "De Finibus Bonorum et Malorum," written in 45 BC.

اپنا تبصرہ لکھیں