ازبکستان کرکٹ فیڈریشن کے انڈر-19 کھلاڑیوں کی پاکستان روانگی سے قبل، پاکستانی سفارتخانہ تاشقند نے ان کے اعزاز میں ایک خصوصی الوداعی تقریب کا اہتمام کیا۔
تقریب میں ازبکستان کرکٹ فیڈریشن کے سی ای او، فضل الدین نے کھلاڑیوں اور کوچز کی میزبانی پر پاکستانی سفیر احمد فاروق کا شکریہ ادا کیا اور اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ، دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں، خصوصا کرکٹ کے شعبے میں باہمی تعاون فروغ پا رہا ہے۔

اس موقع پر سفیر پاکستان احمد فاروق نے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ، ازبک کھلاڑیوں کی پاکستان روانگی دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے پاکستان میں ازبک کھلاڑیوں کے لیے تربیتی کیمپ کے انعقاد کو بھی سراہا۔

تقریب کے دوران ازبک کھلاڑیوں کو پاکستان کی کرکٹ کی تاریخ اور روایتی پاکستانی کھانوں سے بھی روشناس کروایا گیا، جس سے ان نوجوان کھلاڑیوں کو پاکستانی ثقافت کو قریب سے جاننے کا موقع ملا۔
یہ اقدام نہ صرف کھیلوں کے فروغ کا ذریعہ ہے، بلکہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان بھائی چارے، عوامی روابط اور ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔