ازبک انٹیلیجنس سربراہان کی کابل میں افغان حکام سے ملاقات

افغان حکومت کے اعلیٰ حکام نے ازبکستان کے انٹیلیجنس اور سرحدی فورسز کے اعلیٰ سطحی وفد سے الگ الگ ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات، سرحدی سیکیورٹی، انسداد منشیات، اور اقتصادی روابط کے فروغ پر تفصیلی بات چیت کی ہے۔

افغانستان کے قائم مقام وزیر دفاع، مولوی محمد یعقوب مجاہدنے کابل میں ازبکستان کے انٹیلیجنس ایجنسی کے سربراہ قربانوف باخودیر، ان کے نائب مختوروف فررخ، اور بارڈر فورسز کے کمانڈر خاصانوفہ سلیمجان سے ملاقات کی۔

ملاقات میں افغانستان کی سلامتی، سرحدی تعاون، اور دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزارت دفاع کے بیان کے مطابق وزیر دفاع نے ازبکستان کی جانب سے افغانستان کے لیے بین الاقوامی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔

ادھر، افغانستان کے وزیر داخلہ خلیفہ سراج الدین حقانی نے بھی جنرل قربانوف باخودیر اور ان کے ہمراہ آئے وفد کا استقبال کیا۔ اس ملاقات میں وزارت داخلہ کے پہلے نائب مولوی محمد نبی عمری، انسداد منشیات کے نائب ملا عبدالحق ہمکار، اور عامہ تحفظ کے نائب مولوی سعیداللہ حماس بھی شریک تھے۔

ملاقات کے دوران سیکیورٹی امور، انسداد منشیات، سرحدی نظم و ضبط اور اقتصادی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ خلیفہ سراج الدین حقانی نے اس موقع پر کہا کہ ایسی ملاقاتیں دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی کے لیے نہایت اہم ہیں۔

فریقین نے منشیات کی روک تھام، سرحدی تحفظ میں بہتری اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات کے اختتام پر جنرل قربانوف نے افغانستان میں ازبکستان کی جاری اقتصادی منصوبوں کے تحفظ کو یقینی بنانے پر اسلامی امارت کا شکریہ ادا کیا۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں