ازبکستان اور آذربائیجان نے 2027 فیفا انڈر 20 ورلڈ کپ کی میزبانی کے لیے درخواست دے دی

ازبکستان اور آذربائیجان ٓ کی فٹبال فیڈریشنز نے 2027 کے فیفا انڈر 20 ورلڈ کپ کی میزبانی کے لیے مشترکہ طور پر پیشکش کردی ہے۔ آذربائیجان کی سرکاری خبر رساں ایجنسیکے مطابق آذربائیجان کی فٹبال فیڈریشن نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ دونوں ممالک نے فیفا کو باضابطہ درخواست جمع کرا دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق فیفا نے 2027 کے ورلڈ کپ کی میزبانی کے خواہشمند ممالک کی درخواستوں کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔ آذربائیجان اور ازبکستان کی جانب سے کی گئی اس مشترکہ پیشکش میں دونوں ممالک میں ہونے والی فٹبال اصلاحات، جدید اسپورٹس انفراسٹرکچر اور ترک زبان بولنے والے ممالک کی بین الاقوامی ساکھ کو بنیاد بنایا گیا ہے۔

آذربائیجان کے پاس گزشتہ چند برسوں میں عالمی سطح کے بڑے فٹبال ایونٹس کی میزبانی کا وسیع تجربہ موجود ہے۔آذربائیجان میں یورپی چیمپیئن شپ 2020 کے کئی میچز، یوفا یورپا لیگ کا فائنل، انڈر 17 یورپی چیمپیئن شپ اور خواتین کے انڈر 17 ورلڈ کپ جیسے ایونٹس کامیابی سے منعقد کیے جا چکے ہیں۔ ان ایونٹس کی میزبانی کو فیفا اور یوفا کے اعلیٰ حکام کی جانب سے بھی سراہا گیا ہے۔

فیڈریشن کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک دنیا بھر کے فٹبال شائقین کو اپنی مہمان نوازی، پیشہ ورانہ مہارت اور کھیل سے محبت سے متاثر کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ اگر درخواست منظور ہوتی ہے، تو یہ ایونٹ ترک دنیا کے دو اہم ممالک کی میزبانی میں ایک یادگار فٹبال مقابلے کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں