پاکستان میں تعینات ازبکستان کے سفیر، علی شیر تختیوف نے پاکستان کے 78ویں یوم آزادی پر پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے 14 اگست کو ‘فخر اور خوشی کا دن’ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ،یہ دن خوابوں، قربانیوں اور ناقابلِ تسخیر ایمان سے جڑا ہوا ہے۔
اپنے خصوصی ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ، وہ صرف ازبکستان کے سفیر ہی نہیں، بلکہ ‘ایک دوست اور بھائی’ کی حیثیت سے مخاطب ہیں، اور پاکستان میں آزادی کی جو روح وہ دیکھتے ہیں، وہ ان کے اپنے ملک کی تاریخ سے مماثلت رکھتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ،شمالی علاقوں کی برف پوش پہاڑیوں سے لے کر بحیرہ عرب کی موجوں تک، پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔ دونوں ممالک کے تعلقات سفارت کاری سے آگے بڑھ کر ‘دلوں کے رشتے’ میں جڑے ہیں، جو تجارت، ثقافت، تعلیم اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں تعاون سے مزید مضبوط ہوئے ہیں۔
اس موقع پر سفیر نے پاکستان کی طاقت، اتحاد اور روشن مستقبل کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہاکہ،اللہ کرے پاکستان کا پرچم ہمیشہ بلند رہے، اس کے عوام خوشحال رہیں اور ہر گھر امن، محبت اور امید سے بھر جائے۔