ازبکستان اور افغانستان کے درمیان تجارت تین گنا بڑھ چکی ہے، ازبک وزیر خارجہ

ازبکستان اور افغانستان کے اعلیٰ حکام نے سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔ افغان وزارت داخلہ کے مطابق، عبوری وزیر داخلہ سراج الدین حقانی نے کابل میں ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سعیدوف، وزیر ٹرانسپورٹ الحوم اور دیگر اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کی۔

ملاقات میں ازبک وزیر خارجہ نے ٹرائل ایگریمنٹ پر دستخط سمیت ٹرانس-افغان ریلوے منصوبے میں ہونے والی حالیہ پیش رفت سے آگاہ کیا، اور اسے خطے میں اقتصادی روابط کو مستحکم کرنے کی جانب اہم قدم قرار دیا۔

ازبک وزیر خارجہ نے بتایا کہ افغانستان، ازبکستان اور پاکستان کے درمیان تعاون میں واضح اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس میں تجارت، سیاست اور ثقافت جیسے شعبے نمایاں ہیں۔ ان کے مطابق، پچھلے ایک سال میں ازبکستان کی افغانستان کے ساتھ تجارت تین گنا بڑھ چکی ہے۔

انہوں نے افغانستان کے منجمد اثاثوں کی بحالی، افغان مہاجرین کے مسائل کے حل، اور افغانستان کو بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر فعال کردار دینے کے لیے ازبکستان کی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔
وزیر داخلہ حقانی نے ریلوے منصوبے پر ہونے والی پیش رفت کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ یہ قدم نہ صرف افغانستان بلکہ پورے خطے کے معاشی استحکام کا باعث بنے گا۔

انہوں نے افغانستان کی جانب سے ازبکستان کے ساتھ سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔

یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب افغانستان علاقائی روابط کے فروغ کو اپنی خارجہ پالیسی میں مرکزی حیثیت دے رہا ہے، اور وسطی ایشیائی ریاستیں بھی ایک متحرک اور مربوط خطے کی خواہاں ہیں۔

Author

  • The standard lorem ipsum passage has been a printer's friend for centuries. Like stock photos today, it served as a placeholder for actual content. The original text comes from Cicero's philosophical work "De Finibus Bonorum et Malorum," written in 45 BC.

اپنا تبصرہ لکھیں