امریکی وزیر جنگ : امریکی فوج میں غیر فٹ افسران قابل قبول نہیں

امریکی وزیرِ جنگ پیٹ ہیگسیتھ نے اعلان کیا ہے کہ فوج میں اب صرف وہی افسران ترقی پا سکیں گے جو صلاحیت اور جسمانی فٹنس کے معیار پر پورا اترتے ہوں۔ ان کا کہنا ہے کہ سفارش اور کوٹہ سسٹم کا مکمل خاتمہ کر دیا گیا ہے، جبکہ غیر فٹ اور غیر سنجیدہ رویہ رکھنے والے افسران کو برطرف کر دیا جائے گا۔

ورجینیا میں میرین کور کے اڈے پر افسران اور بحری کمانڈروں سے خطاب کرتے ہوئے پیٹ ہیگسیتھ نے کہا کہ فوج کو صرف صحت مند اور پیشہ ور قیادت کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق آئندہ تمام ترقی کارکردگی اور صلاحیت کی بنیاد پر ہوگی، اور فوج کے اندر شکایات کے نظام میں بھی اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں تاکہ افسران پر غیر ضروری دباؤ نہ ڈالا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فوج میں غیر پیشہ ورانہ جسمانی حالت برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ داڑھی رکھنے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ وزیرِ جنگ کا کہنا تھا کہ جو افسر نیا ایجنڈا قبول نہیں کرتے وہ ازخود مستعفی ہو جائیں، کیونکہ امن قائم رکھنے کے لیے جنگ کی بھرپور تیاری ناگزیر ہے۔ اسی مقصد کے تحت سخت جسمانی آزمائشیں متعارف کرائی گئی ہیں۔

اپنے خطاب میں انہوں نے سابقہ قیادت پر بھی کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نااہل سیاسی رہنماؤں نے فوج کو غلط سمت میں دھکیل دیا، جس کے باعث محکمہ دفاع اپنی اصل روح کھو بیٹھا اور بگاڑ کا شکار ہو گیا۔ تاہم، ان کے بقول اب یہ صورتِ حال مزید برداشت نہیں کی جائے گی۔

پیٹ ہیگسیتھ نے ایک سیاہ فام جنرل اور ایک خاتون کمانڈر کی برطرفی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں فوجی ثقافت کو نقصان پہنچا رہے تھے، اس لیے ان کا ہٹایا جانا ناگزیر تھا۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں