حماس نے اتوار تک امن منصوبہ قبول نہیں کیا تو پھر قیامت برپا ہوگی، ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر حماس نے غزہ سے متعلق امریکی امن منصوبے کو اتوار تک قبول نہ کیا تو اسے سنگین نتائج بھگتنا پڑیں گے۔

جمعے کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ امریکی وقت کے مطابق اتوار کی شام تک اس منصوبے پر اتفاق ہونا چاہیے۔

اس منصوبے کے مطابق، غزہ میں جنگ بندی کے لیے حماس کو 72 گھنٹوں کے اندر 20 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کرنا ہوگا جبکہ جواب میں اسرائیل سینکڑوں فلسطینی قیدیوں کو آزاد کرے گا۔

عرب ممالک اور ترکیہ کے ثالث حماس پر زور دے رہے ہیں کہ وہ اس منصوبے پر مثبت ردعمل ظاہر کرے۔ تاہم، حماس کے ایک سینئر اہلکار نے عندیہ دیا ہے کہ تنظیم اس تجویز کو مسترد بھی کر سکتی ہے۔

صدر ٹرمپ نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ اگر امن تک پہنچنے کے اس معاہدے پر اتفاق نہ ہوا تو ایسی قیامت برپا ہو گی جسے پہلے کسی نے نہیں دیکھا ہو گا۔ کسی بھی طریقے سے مشرق وسطیٰ میں ہر حال میں امن قائم ہونا ہے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں