پاکستان: صدر عرب امارات کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون تیز کرنے پر اتفاق

متحدہ عرب امارات کے صدرشیخ محمد بن زید النہیان کے پاکستان کے پہلے سرکاری دورے کے اختتام پر جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات ہوئےہیں۔

پاکستان کی دفترِ خارجہ کے مطابق، یہ رواں برس صدرعرب امارات کا پاکستان کا دوسرا دورہ ہے، اس سے قبل جنوری میں انہوں نے رحیم یار خان میں وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی تھی، تاہم یہ ان کا بطور صدر پہلا سرکاری دورہ تھا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور اہم علاقائی و عالمی صورتحال پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔

مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ دونوں فریقین نے دوطرفہ تعلقات کی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کو دہرایا۔ بیان کے مطابق، صدر شیخ محمد بن زید النہیان کا یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے گہرے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور اسٹریٹجک شراکت داری کو وسعت دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف اور صدرِ امارات کے درمیان ہونے والی بات چیت میں اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری، توانائی، انفراسٹرکچر کی ترقی، آئی ٹی، ٹیکنالوجی اور عوامی روابط کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ دی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ دوطرفہ تجارت میں اضافے کے وسیع امکانات موجود ہیں، جن سے دونوں ممالک کو باہمی فائدہ پہنچ سکتا ہے۔

اس سے قبل صدرِ امارات کا پاکستان پہنچنے پر پرتپاک اور پُرجوش استقبال کیا گیا۔ جب شاہی طیارہ پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوا تو جے ایف-17 لڑاکا طیاروں نے اس کو سلامی دی۔ صدر شیخ محمد بن زید النہیان نور خان ایئر بیس اسلام آباد پہنچے جہاں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر، نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔

صدرِ امارات کو سرکاری استقبالی تقریب کے دوران مسلح افواج کے دستے کی جانب سے 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ صدر کے ہمراہ مشیران، پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر سالم محمد الزعبی، وزرا اور اعلیٰ حکام بھی موجود تھے

Author

اپنا تبصرہ لکھیں