وائٹ ہاؤس کے مطابق، امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چین کے صدر شی جن پنگ کے درمیان ملاقات 30 اکتوبر کو جنوبی کوریا میں ایشیا سمٹ کے موقع پر سائیڈ لائن پر ہو گی۔
دونوں رہنماؤں کی اس ملاقات کے لیے کئی ہفتوں سے تیاریاں جاری تھیں، تاہم دنیا کی دو بڑی معیشتوں کے درمیان بڑھتے ہوئے تناؤ کے باعث اس ملاقات کے امکانات پر سوالات اٹھ رہے تھے۔
صدر ٹرمپ کے دوبارہ اقتدار سنبھالنے کے بعد یہ ان کی چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ پہلی باضابطہ ملاقات ہوگی۔ وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری نے پریس بریفنگ میں آئندہ ہفتے ہونے والی اس ملاقات کی باضابطہ تصدیق کی۔
اس سے قبل صدر ٹرمپ نے بھی کہا تھا کہ وہ صدر شی سے ملاقات کریں گے۔ ان کے مطابق، ہماری کافی طویل ملاقات طے ہے، ہمیں اپنے درمیان بہت سے شکوک و شبہات پر بات کرنی ہے، کئی سوالات ہیں، اور ہمارے مشترکہ مفادات بھی بہت ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ میرا خیال ہے کہ کچھ نہ کچھ پیشرفت ضرور ہوگی۔ ہمارے تعلقات اچھے ہیں، لیکن یہ ملاقات بہت اہم ہے۔
یاد رہے کہ صدر ٹرمپ نے حال ہی میں چین کو تنبیہ کی تھی کہ اگر اس نے نایاب معدنیات کی برآمد پر عائد پابندی ختم نہ کی تو امریکا نومبر سے چینی مصنوعات پر 100 فیصد ٹیرف عائد کر دے گا۔