صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ایشیائی دورے میں شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ سے ملنے کی خواہشمندی کا اظہار

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ اپنے آئندہ ایشیائی دورے کے دوران شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن سے ملاقات کے خواہش مند ہیں۔

ٹرمپ نے یہ بات ایئر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’اگر وہ چاہیں تو ملاقات کے لیے میں بالکل تیار ہوں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ان کے اور کم جونگ اُن کے درمیان “بہت اچھے تعلقات” ہیں۔

یاد رہے کہ 2019 میں ٹرمپ نے بطور امریکی صدر شمالی کوریا کی سرزمین پر قدم رکھ کر تاریخ رقم کی تھی، جب انہوں نے کم جونگ اُن سے غیر فوجی زون میں ملاقات کی تھی۔

ٹرمپ اس دورے میں ملیشیا اور جاپان کے علاوہ چین کے صدر شی جن پنگ سے بھی ملاقات کریں گے۔ یہ ملاقات ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب امریکہ اور چین کے درمیان تجارتی کشیدگی عروج پر ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وہ شمالی کوریا کو ’’ایک طرح سے ایٹمی طاقت‘‘ مانتے ہیں کیونکہ اس کے پاس کئی ایٹمی ہتھیار موجود ہیں۔ دوسری جانب کم جونگ اُن نے بھی کہا ہے کہ وہ ٹرمپ سے دوبارہ ملاقات کے لیے تیار ہیں بشرطیکہ امریکہ اپنے ’’غیر حقیقی‘‘ مطالبات واپس لے۔

ٹرمپ کے دورے کا آغاز ملیشیا سے ہوگا جہاں وہ آسیان (ASEAN) سربراہی اجلاس میں شریک ہوں گے۔ وہ بدھ کے روز جنوبی کوریا کے شہر بوسان پہنچیں گے جہاں ان کی ملاقات جنوبی کوریا کے صدر لی جے میونگ سے متوقع ہے

Author

اپنا تبصرہ لکھیں