امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکا اور کینیڈا کے درمیان جاری تمام تجارتی مذاکرات فوری طور پر ختم کیے جا رہے ہیں۔
یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کینیڈا کے صوبے اونٹاریو کی حکومت نے ایک اشتہار جاری کیا، جس میں امریکا کی جانب سے لگائے گئے بھاری ٹیکسوں (ٹیرِفز) کی مخالفت کی گئی تھی۔
یہ اشتہار سابق امریکی صدر رونالڈ ریگن کے ایک پرانے بیان پر مبنی تھا، جس میں وہ کہتے ہیں کہ ٹیکس اور تجارتی پابندیاں آخرکار ہر امریکی کو نقصان پہنچاتی ہیں۔
صدر ٹرمپ نے اس اشتہار کو جھوٹا، گمراہ کن اور ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے بعد کینیڈا کے ساتھ بات چیت جاری رکھنا ممکن نہیں۔
ریگن فاؤنڈیشن نے بھی اس ویڈیو پر اعتراض کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اشتہار میں ریگن کی تقریر کو غلط انداز میں پیش کیا گیا ہے اور اجازت لیے بغیر استعمال کیا گیا۔ فاؤنڈیشن نے قانونی کارروائی پر غور شروع کر دیا ہے۔
صدر ٹرمپ حکومت نے کینیڈین مصنوعات پر 35 فیصد تک کے ٹیکس عائد کر رکھے ہیں، جس سے کار اور اسٹیل کی صنعت خاص طور پر متاثر ہوئی ہے۔ کینیڈا کی معیشت، خاص طور پر اونٹاریو صوبہ، ان اقدامات سے بری طرح دباؤ میں ہے