شمالی اٹلانٹک ٹریٹی آرگنائزیشن (نیٹو) کے سیکرٹری جنرل مارک روٹے نے روس کے ساتھ جاری جغرافیائی سیاسی تصادم کے پیش نظر دفاعی اخراجات میں نمایاں اضافے کا مطالبہ کردیا۔
لیٹوانیا کے دورے کے دوران انہوں نے کہا کہ ہمیں اس کے لیے تیار رہنا ہوگا، اس لیے اخراجات 2 فیصد سے کہیں زیادہ ہوں گے جس کے ہم عادی تھے۔
انہوں نے مزید واضح کیا کہ دفاعی اخراجات کے لیے اتحاد کا موجودہ سالانہ ہدف، جو اقتصادی پیداوار کا 2 فیصد ہے، موجودہ سکیورٹی چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے اب کافی نہیں ہے۔
لیتوانیا کے صدر گیٹاناس ناوسیڈا نے اتحادیوں سے فوج میں مزید سرمایہ کاری کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ روس انتظار نہیں کرے گا۔ ناوسیڈا نے خبردار کیا کہ روس اپنی مسلح افواج کو جلد از جلد مضبوط اور دوبارہ تعمیر کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے پاس بھی ایسا کرنے کے لیے بہت محدود وقت ہے۔ مجھے امید ہے کہ ہم دفاع پر جی ڈی پی کے 5 فیصد کے اخراجات کے ہدف پر ایک معاہدہ تک پہنچ سکیں گے۔