ٹِک ٹاک کا انسٹاگرام کے براڈ کاسٹ چینلز جیسا فیچر متعارف

ٹک ٹاک نے اپنے صارفین اور تخلیق کاروں کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے، جو انسٹاگرام کے براڈکاسٹ چینلز سے کافی مشابہت رکھتا ہے۔ کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ یہ نیا فیچر ’بلٹن بورڈ‘ کے نام سے پیش کیا گیا ہے، جس کا مقصد تخلیق کاروں اور برانڈز کو اپنے فالوورز تک ایک سے کئی افراد تک یک طرفہ پیغام رسانی کی سہولت فراہم کرنا ہے۔

’بلٹن بورڈ‘ کے ذریعے تخلیق کار اپنے فالوورز کے لیے عوامی پیغامات شیئر کر سکیں گے جن میں ٹیکسٹ، تصاویر اور ویڈیوز شامل ہوں گی۔ تاہم، فالوورز کی جانب سے براہِ راست پیغام بھیجنے کی اجازت نہیں ہوگی، بلکہ وہ صرف ایموجیز کے ذریعے ردعمل ظاہر کر سکیں گے، بالکل اسی طرح جیسے انسٹاگرام کے براڈکاسٹ چینلز میں ہوتا ہے۔

ٹک ٹاک نے واضح کیا ہے کہ یہ فیچر صرف اُن تخلیق کاروں کے لیے دستیاب ہوگا جو کم از کم 18 سال کے ہیں اور جن کے فالوورز کی تعداد 50 ہزار یا اس سے زائد ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ قدم تخلیق کاروں کو اپنے ناظرین تک بروقت اور مؤثر انداز میں معلومات پہنچانے میں مدد دے گا۔

ٹک ٹاک کی جانب سے یہ نیا فیچر پلیٹ فارم پر تخلیق کاروں کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ اور بدلتے ہوئے اندازِ مواد کو مدنظر رکھتے ہوئے متعارف کرایا گیا ہے، جو مستقبل میں مواد شیئرنگ کے طریقوں کو مزید بہتر بنانے کی سمت ایک اہم پیش رفت ہے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں