سمرقند میں یورپی یونین اور وسطی ایشیا کے پہلے سربراہی اجلاس کا آغاز

سمرقند میں یورپی یونین اور وسطی ایشیا کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پہلی بار اعلیٰ سطح سربراہی اجلاس منعقد کیا گیا ہے، جس نے خطے میں تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز کر دیا ہے۔ ازبکستان کے صدر شوکت مرزائیوف کی میزبانی میں،منعقد ہونے والے اس اجلاس میں وسطی ایشیا کے اہم ممالک کے سربراہان اور یورپی یونین کی اعلیٰ قیادت بھی شرکت کر رہی ہے۔
سمرقند، جو تاریخی اور ثقافتی اعتبار سے دنیا بھر میں اپنی شناخت رکھتا ہے، اس وقت عالمی سفارتی سرگرمیوں کا مرکز بن چکا ہے۔ اجلاس کے انعقاد کے پیش نظر شہر بھر میں استقبالیہ بینرز آویزاں کیے گئے ہیں، جبکہ سیکیورٹی کے بھی غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔
اس اہم اجلاس میں وسطی ایشیائی ممالک کے صدور شرکت کر رہے ہیں، جن میں قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکائیف، کرغزستان کے صدر صدر جپاروف، تاجکستان کے صدر امام علی رحمان، اور ترکمانستان کے صدر سردار بردی محمدوف شامل ہیں۔ یورپی یونین کی جانب سے یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا اور یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لیین نے اجلاس میں شرکت کی اور وسطی ایشیا کے ساتھ تعلقات کو وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
اجلاس کے دوران یورپی یونین اور وسطی ایشیائی ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون، تجارتی روابط، توانائی کے متبادل ذرائع، اور ڈیجیٹل ترقی جیسے اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقین نے نقل و حمل اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کو فروغ دینے پر بھی زور دیا تاکہ خطے میں تجارتی سرگرمیوں کو مزید وسعت دی جا سکے۔
یہ اجلاس یورپی یونین اور وسطی ایشیا کے درمیان ایک نئے اور مضبوط تعلق کے قیام میں سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے۔ مبصرین کے مطابق، اگر ان معاہدوں پر مؤثر عمل درآمد کیا جائے تو وسطی ایشیا عالمی معیشت میں ایک اہم کردار ادا کر سکتا ہے اور خطے میں استحکام و ترقی کی نئی راہیں کھل سکتی ہیں۔

Author

  • The standard lorem ipsum passage has been a printer's friend for centuries. Like stock photos today, it served as a placeholder for actual content. The original text comes from Cicero's philosophical work "De Finibus Bonorum et Malorum," written in 45 BC.

اپنا تبصرہ لکھیں