پاکستانی ٹرانسپورٹ اور لاجسٹک کمپنی ٹی سی ایس تاشقند اور کراچی کے درمیان کارگو ایئر سروس شروع کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے، جبکہ ازبکستان اور پاکستان دونوں ممالک ایک آن لائن پلیٹ فارم بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں، جس میں دونوں ممالک کی مختلف مصنوعات کی معلومات فراہم کی جائے گی۔
ازبکستان کے سفیر علیشیرتختئیوف نے ٹی سی ایس کے بانی اور چیئرمین خالد اعوان کے ساتھ دوطرفہ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے، ڈیلیوری میکانزم کو بہتر بنانے، اور دونوں ممالک کے ٹرانسپورٹ اور ٹرانزٹ کی صلاحیت سے فائدہ اٹھانے پر گفتگو کی۔
ٹی سی ایس نے نازک مال کی نقل و حمل کے مواقع پیدا کرنے اور ازبکستان کے ساتھ سیاحت کے شعبے میں تعلقات استوار کرنے کے لیے اپنی تیاری کا اظہار کیا۔
مزید برآں، دونوں ممالک میں ہونے والی بین الاقوامی نمائشوں اور میلوں کی تاریخوں پر معلومات کے تبادلے اور ازبکستان اور پاکستان کے وفود، صنعتکاروں اور تاجروں کو شامل کرنے میں قریبی تعاون پر بھی اتفاق کیا گیا۔