ازبکستان کے دارالحکومت تاشقندمیں جدید ترین اولمپک ولیج مکمل کر لیا گیا ہے، جسے ملک کے سب سے بڑے اور اہم اسپورٹس انفراسٹرکچر منصوبوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔ صدر شوکت مرزائیوف نے 18 اگست کو اس منصوبے کا دورہ کیا اور مختلف کھیلوں کی سہولیات کا جائزہ لیا۔
یہ منصوبہ نومبر 2022 میں سنگ بنیاد رکھنے کے بعد صرف تین برس سے بھی کم عرصے میں مکمل کیا گیا ہے۔ 100 ہیکٹر سے زائد رقبے پر تعمیر ہونے والے اس ولیج پر تقریباً 290 ملین ڈالر لاگت آئی ہے۔ منصوبہ سی اے ایم سی انجینئرنگ کمپنی نے مکمل کیا ہے، جس میں توانائی کی بچت اور جدید ٹیکنالوجی کا خصوصی خیال رکھا گیا ہے۔

ولیمج میں پانچ بڑے اسپورٹس کمپلیکس شامل ہیں۔ ان میں سب سے اہم ازبکستان کا پہلا بین الاقوامی معیار کا ویلوڈروم ہے، جسے منفرد انجینئرنگ ڈیزائن اور لکڑی کی مضبوط تہہ دار ساخت سے تیار کیا گیا ہے۔ یہ ہال 2,200 تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش رکھتا ہے اور یہاں ٹیبل ٹینس اور فینسنگ کے مقابلے بھی منعقد ہو سکیں گے۔
ولیج کے مرکز میں 12 ہزار نشستوں پر مشتمل اسٹیڈیم تعمیر کیا گیا ہے جو 48 مختلف ایتھلیٹکس ڈسپلنز کے مقابلے منعقد کرانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس اسٹیڈیم میں عالمی سطح کے چیمپئن شپ اور پیراایتھلیٹکس مقابلے بھی کرائے جا سکیں گے۔

اس کے علاوہ واٹر اسپورٹس کمپلیکس میں اولمپک معیار کے سوئمنگ اور ڈائیونگ پولز، تربیتی پول اور جم شامل ہیں۔ یہ مقام حال ہی میں ورلڈ ایکواٹکس فیڈریشن نے معائنہ کرنے کے بعد عالمی معیار کے مطابق قرار دیا ہے۔
مزید برآں، دو بڑے انڈور ایریناز تعمیر کیے گئے ہیں جن میں بالترتیب والی بال، باسکٹ بال، ہینڈ بال، جودو، باکسنگ اور تائیکوانڈو کے مقابلے ہوں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ 15 آؤٹ ڈور فیلڈز بھی موجود ہیں جن میں فٹبال، ہاکی، ٹینس اور دیگر کھیلوں کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

پیرالمپکس کھلاڑیوں کے لیے 400 بستروں پر مشتمل ہاسٹل اور ایک اسپورٹس میڈیسن ریسرچ سینٹر بھی قائم کیا جا رہا ہے۔
