تاجکستان کے صدر امام علی رحمان 26 اور 27 مارچ کو ازبکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔ یہ دورہ ازبکستان کے صدر شوکت مرزائیوف کی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق اس موقع پر اعلیٰ سطح کے مذاکرات اور سپریم انٹر اسٹیٹ کونسل کا افتتاحی اجلاس منعقد ہوگا، جس کی صدارت دونوں ممالک کے رہنما کریں گے۔
مذاکرات میں ازبکستان اور تاجکستان کے درمیان دوستی، اچھے ہمسایہ تعلقات، اسٹریٹجک شراکت داری اور اتحاد کو مضبوط بنانے سے متعلق امور زیر بحث آئیں گے۔
اس کے علاوہ سیاسی روابط کے فروغ، تجارت اور اقتصادی تعاون میں وسعت، علاقائی و صنعتی اشتراک بڑھانے، ٹرانسپورٹ رابطوں کو بہتر بنانے، پانی اور توانائی کے شعبوں میں تعاون اور ثقافتی و انسانی تبادلوں کو جاری رکھنے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔
دونوں صدور علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے، جبکہ کثیرالجہتی فورمز پر تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔
توقع ہے کہ اس دورے کے دوران کئی نئے مشترکہ منصوبوں کا آغاز کیا جائے گا اور دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے لیے متعدد معاہدوں پر دستخط بھی کیے جائیں گے