بلوچستان کے ضلع، قلات کے علاقے ،منگوچر میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف ایک بڑی کارروائی کی ہے، جس میں 23 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔ اس آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کے 18 اہلکار نے بھی جام شہادت نوش کی ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، دہشت گردوں نے سڑک کو بلاک کرنے کی کوشش کی تھی، تاکہ مقامی آبادی کو نقصان پہنچایا جا سکے اور سیکیورٹی فورسز کی نقل و حرکت کو روکا جا سکے۔ اس صورتحال پر فورسز نے فوراآپریشن شروع کیا اور دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا۔ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے 12 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، سیکیورٹی فورسز کے 18 بہادر اہلکاروں نے اس آپریشن کے دوران شجاعت اور بہادری کی مثال قائم کی اور دشمن کے خلاف لڑتے ہوئے اپنی جانیں قربان کیں۔
اس کارروائی کے بعد، پاک فوج نے ہرنائی میں بھی ایک کلیئرنس آپریشن کیا، جس میں مزید 11 دہشت گرد مارے گئے۔ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا، اور بلوچستان کے اس حساس علاقے کو کلیئر کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، دہشت گردوں کا مقصد بلوچستان کے امن کو نقصان پہنچانا اور صوبے میں خوف و ہراس کی فضا قائم کرنا تھا، لیکن فورسز کی فوری کارروائی نے ان کے عزائم کو ناکام بنادیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں شہید ہونے والے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کی۔ صدر آصف علی زرداری نے دہشت گردوں کے خلاف فورسز کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ،پاکستانی عوام ملک کے امن کو خراب کرنے والے عناصر کو مسترد کرتے ہیں اور سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اس آپریشن کی بھرپور حمایت کی اور کہا کہ، دہشت گرد بلوچستان کے امن و ترقی کے دشمن ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ، دہشت گردی کی اس لعنت کو مکمل طور پر ختم کرنے تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، سیکیورٹی فورسز کی یہ کارروائیاں دہشت گردوں کے نیٹ ورک کے خلاف ایک بڑی کامیابی ہیں۔ ان کارروائیوں کا مقصد نہ صرف دہشت گردوں کا صفایا کرنا ہے، بلکہ مقامی آبادی کو تحفظ فراہم کرنا بھی ہے، تاکہ وہ خوف اور دہشت کے ماحول سے نکل کر اپنی زندگی معمول پر لا سکیں۔
پاک فوج کے ترجمان نے کہا کہ ،اس آپریشن کے دوران شہید ہونے والے فوجی اہلکاروں کی قربانیاں قوم کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں، اور سیکیورٹی فورسز کا عزم ہے کہ، بلوچستان سمیت پورے پاکستان میں امن و سکون کو قائم رکھا جائے گا۔
پاک فوج اور سیکیورٹی اداروں کی جانب سے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں، جس میں دہشت گردوں کی باقی ماندہ پناہ گاہوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، فورسز دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ان کے خلاف مزید کارروائیاں کی جائیں گی۔