بحرِ ہند میں اسٹریٹیجک صف بندی، نیوی وار کالج لاہور میں کانفرنس کا انعقاد

پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں میری ٹائم سینٹر آف ایکسیلینس (ایم سی ای) کے زیرِ اہتمام ’’بحرِ ہند کے خطے میں اسٹریٹیجک صف بندی: ایک سال بعد بدلتے رجحانات کا جائزہ‘‘ کے عنوان سے دوسری بین الاقوامی کانفرنس منعقد ہوئی۔

کانفرنس میں خطے کی اسٹریٹیجک صورتحال، بڑی طاقتوں کے درمیان کشیدگی، جدید ٹیکنالوجی کے اثرات اور پاکستان کی بحری حکمتِ عملیوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

سابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات (ر) نے خطاب میں کہا کہ پاکستان کے خلاف سمندری سمت سے کسی بھی جارحیت کی صورت میں ردعمل فوری، غیر متوقع اور مؤثر ہوگا، اور اس کے نتائج کی مکمل ذمہ داری بھارت پر عائد ہوگی۔

سابق وزیرِ خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا کہ بحرِ ہند میں ابھرتے چیلنجز کے مقابلے کے لیے علاقائی تعاون اور کثیرالجہتی سفارت کاری ناگزیر ہے۔

تقریب کی صدارت کمانڈنٹ نیوی وار کالج اور صدر ایم سی ای ریئر ایڈمرل سہیل احمد عزمی نے کی، جنہوں نے ابتدائی خطاب میں بحرِ ہند کی اسٹریٹیجک اہمیت اور موجودہ چیلنجز پر روشنی ڈالی۔

دیگر مقررین میں لیفٹیننٹ جنرل خالد احمد کدوائی (ر)، اعزاز احمد چوہدری، وائس ایڈمرل خان حشام بن صدیق (ر)، وائس ایڈمرل احمد سعید (ر)، ایئر مارشل جاوید احمد (ر)، ڈاکٹر سلمہ ملک، ریئر ایڈمرل سید فیصل علی شاہ (ر)، اور بریگیڈیئر ڈاکٹر نعیم سالک (ر) شامل تھے۔

کانفرنس میں سفارتکاروں، دفاعی ماہرین، ماہرینِ تعلیم، میڈیا نمائندگان اور طلبہ و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں