ازبکستان میں سٹار لنک سروسز کا آغاز جلد متوقع

امریکا کی سیٹلائٹ انٹرنیٹ فراہم کرنے والی کمپنی اسٹارلنک 2026 میں ازبکستان میں اپنی سروس شروع کرے گی۔ کمپنی کی آفیشل ویب سائٹ پر شائع معلومات کے مطابق یہ منصوبہ ان علاقوں کو تیز رفتار انٹرنیٹ فراہم کرنے کے لیے بنایا گیا ہے جہاں ڈیجیٹل سہولیات محدود ہیں یا بالکل موجود نہیں۔

اسٹارلنک ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس کا منصوبہ ہے جس کے تحت دنیا کے دور دراز خطوں کو 50 سے 250 میگا بٹس فی سیکنڈ کی انٹرنیٹ اسپیڈ فراہم کی جا سکتی ہے۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ یہ نظام وسطی ایشیا میں آن لائن تعلیم، کاروبار اور جدید ٹیکنالوجی تک رسائی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

قازقستان میں اسٹارلنک نے رواں ماہ باضابطہ طور پر اپنی سروس کا آغاز کیا ہے۔ ابتدائی طور پر اسے دیہی اسکولوں تک محدود رکھا گیا تھا، تاہم اب کمرشل لانچ کے بعد یہ پورے ملک میں صارفین کے لیے دستیاب ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت اس بات کی علامت ہے کہ وسطی ایشیائی ممالک عالمی ڈیجیٹل نیٹ ورکس کے ساتھ تیزی سے جڑ رہے ہیں۔

دوسری جانب ازبکستان کی قومی خلائی ایجنسی “ازبک کاسموس” نے 2028 میں عالمی سطح کی بڑی خلائی کانفرنس، انٹرنیشنل آسٹروناٹیکل کانگریس، کی میزبانی کے لیے سمرقند کو امیدوار کے طور پر پیش کیا ہے۔ اس مقصد کے لیے انٹرنیشنل آسٹروناٹیکل فیڈریشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کرسچن فائچٹنگر نے حال ہی میں تاشقند اور سمرقند کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سکیورٹی، انفراسٹرکچر اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔

اگر ازبکستان کو یہ میزبانی مل جاتی ہے تو دنیا بھر کی خلائی صنعت کے بڑے رہنما اور ممکنہ طور پر ایلون مسک بھی تاریخی شہر سمرقند کا رخ کریں گے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق یہ موقع ازبکستان کو نہ صرف ٹیکنالوجی بلکہ عالمی سطح پر اپنی حیثیت مستحکم کرنے کا بھی موقع فراہم کرے گا۔

Author

  • The standard lorem ipsum passage has been a printer's friend for centuries. Like stock photos today, it served as a placeholder for actual content. The original text comes from Cicero's philosophical work "De Finibus Bonorum et Malorum," written in 45 BC.

اپنا تبصرہ لکھیں