اسپیس ایکس کی سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس اسٹار لنک کو حال ہی میں دنیا بھر میں ایک بڑی بندش کا سامنا کرنا پڑا، جس کی وجہ سے ہزاروں صارفین کچھ وقت کے لیے انٹرنیٹ سے محروم ہو گئے۔ کمپنی کے مطابق یہ بندش تقریباً دو گھنٹے اور تیس منٹ تک جاری رہی، اور اس کی اصل وجہ اندرونی سافٹ ویئر میں آنے والی خرابی تھی، جس نے نیٹ ورک کی بنیادی خدمات کو متاثر کیا۔
اس وقت اسٹار لنک دنیا کے 140 سے زائد ممالک اور علاقوں میں تقریباً چھ لاکھ سے زیادہ صارفین کو انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کر رہا ہے۔ بندش کے دوران امریکہ کے مشرقی ساحلی علاقوں میں صارفین کو سب سے پہلے مسئلہ پیش آیا، اور ایک معروف ویب سائٹ کے مطابق 61 ہزار سے زائد صارفین نے سروس کی بندش کی شکایت درج کروائی۔
اسپیس ایکس کے نائب صدر مائیکل نیکولس نے ایک بیان میں کہا کہ ہمیں اس بندش پر افسوس ہے، اور ہم نیٹ ورک کی مکمل جانچ کر رہے ہیں تاکہ مستقبل میں اس طرح کا مسئلہ دوبارہ نہ ہو۔ اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک نے بھی صارفین سے معذرت کی اور کہا کہ اس خرابی کی جڑ تک پہنچ کر اسے حل کیا جائے گا۔
اسپیس ایکس نے 2020 سے اب تک خلا میں 8,000 سے زائد سیٹلائٹس بھیجے ہیں، جس سے ایک منفرد نیٹ ورک تیار کیا گیا ہے۔ یہ نیٹ ورک خاص طور پر ان علاقوں میں مفید ہے جہاں فائبر آپٹک یا زمینی انٹرنیٹ موجود نہیں۔ اس کے ذریعے دیہی علاقوں، فوجی اداروں، ٹرانسپورٹ انڈسٹری اور عام صارفین کو انٹرنیٹ مہیا کیا جا رہا ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ حالیہ مہینوں میں تیز رفتار انٹرنیٹ، زیادہ بینڈوِڈتھ اور صارفین کی ضروریات کو مدِنظر رکھتے ہوئے اپنے نیٹ ورک کو مزید بہتر بنانے پر کام کر رہی ہے۔