پاکستان میں اسٹار لنک کی سروس کو آپریشنل کرنے کے لیے مرحلہ وار پیش رفت جاری

پاکستان میں اسٹار لنک کی سروس کو آپریشنل کرنے کے لیے مرحلہ وار پیش رفت جاری ہے، اور اس حوالے سے ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا گیا ہے۔ پاکستان اسپیس ایکٹیوٹیز ریگولیٹری بورڈ (PAKSARB) نے اسٹار لنک کو این او سی (نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ) جاری کر دیا ہے، جو کہ کسی بھی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی کے لیے ایک بنیادی اجازت نامہ ہوتا ہے۔
اب اس عمل کے اگلے مرحلے میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (PTA) اسٹار لنک کو باضابطہ لائسنس جاری کرے گی۔ پی ٹی اے ذرائع کے مطابق، اسٹار لنک پہلے ہی لائسنس کے لیے درخواست جمع کروا چکا ہے اور تکنیکی و مالیاتی منصوبے بھی پیش کر چکا ہے۔ تاہم، لائسنس کے اجراء سے قبل پی ٹی اے کے چیئرمین اور تینوں ممبرز مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے کر حتمی فیصلہ کریں گے۔ اس عمل میں تقریبا ایک ماہ کا وقت لگ سکتا ہے، جبکہ اسٹار لنک کو لائسنس فیس کی مد میں 6 لاکھ 40 ہزار ڈالر ادا کرنے ہوں گے۔
لائسنس ملنے کے بعد ہی اسٹار لنک پاکستان میں اپنے آلات نصب کرنے اور سروسز فراہم کرنے کے قابل ہوگی۔ ابتدائی طور پر کمپنی کو ملک بھر میں اپنی سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس کے بنیادی ڈھانچے کو مکمل طور پر فعال کرنے میں تقریبا چھ ماہ کا وقت درکار ہوگا۔
21 مارچ کو وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی، شزا فاطمہ خواجہ، نے اعلان کیا تھا کہ، اسٹار لنک کو سیکیورٹی اور ریگولیٹری اداروں کی مشاورت سے عارضی این او سی جاری کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے اس پیش رفت کو وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کی ڈیجیٹل ترقی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔ ان کے مطابق، حکومت کا مقصد ملک میں انٹرنیٹ کی سہولیات کو بہتر بنانا اور ڈیجیٹل نظام کو مزید مستحکم بنانا ہے۔
اسٹار لنک، جو کہ ایلون مسک کی ملکیت ہے، کم مدار پر گردش کرنے والے سیٹلائٹس کے ذریعے انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی ایک جدید کمپنی ہے۔ اس سروس کی بدولت پاکستان کے دور دراز علاقوں میں بھی تیز رفتار انٹرنیٹ کی سہولت میسر آ سکے گی، جو کہ روایتی براڈ بینڈ نیٹ ورکس کے لیے ایک چیلنج رہا ہے۔

Author

  • The standard lorem ipsum passage has been a printer's friend for centuries. Like stock photos today, it served as a placeholder for actual content. The original text comes from Cicero's philosophical work "De Finibus Bonorum et Malorum," written in 45 BC.

اپنا تبصرہ لکھیں