سری لنکا کے سابق صدر رانیل وکرما سنگھے گرفتار

سری لنکا کی پولیس نے سابق صدر اور اپوزیشن رہنما رانیل وکرما سنگھے کو سرکاری فنڈز کے غلط استعمال کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس کے مطابق وکرما سنگھے، جو 2022 سے 2024 تک صدر رہے، پر الزام ہے کہ انہوں نے امریکا کے سرکاری دورے کے بعد لندن میں اپنی اہلیہ کی گریجویشن تقریب میں شرکت کے لیے سرکاری رقم استعمال کی۔ پولیس کے ترجمان فیڈرک ووٹلر نے بتایا کہ سابق صدر کو مالیاتی جرائم کی تحقیقات کرنے والے ادارے نے گرفتار کر کے عدالت میں پیش کر دیا ہے۔

امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ پہلا موقع ہے کہ سری لنکا کے کسی سابق صدر کو اس طرح گرفتار کیا گیا ہو۔ وکرما سنگھے انورا کمارا دسانائیک کی حکومت میں کرپشن کے الزامات کا سامنا کرنے والے سب سے بڑے رہنما ہیں۔ دسانائیک گزشتہ سال صدارتی انتخابات جیت کر اقتدار میں آئے تھے اور کرپشن میں ملوث شخصیات کو سزا دینے کا وعدہ کیا تھا۔ ان کی جماعت نے پارلیمانی انتخابات میں بھی بھاری اکثریت حاصل کی تھی۔

اب تک درجنوں سابق وزراء اور اعلیٰ حکومتی اہلکاروں کو بھی کرپشن کے مقدمات میں گرفتار کیا جا چکا ہے۔

رانیل وکرما سنگھے نے 2022 میں اُس وقت صدارت سنبھالی تھی جب ملک بدترین معاشی بحران سے گزر رہا تھا اور صدر گوتابایا راجاپاکسے کو استعفیٰ دینا پڑا تھا۔ ان کے دور میں معیشت کسی حد تک سنبھلی، مہنگائی کم ہوئی اور زرمبادلہ کے ذخائر بڑھے، لیکن سخت کفایت شعاری اقدامات، ٹیکسوں میں اضافہ اور بجلی و گیس کے بل بڑھانے پر انہیں عوامی تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں