اسپیکر قومی اسمبلی کا حکومت اور اپوزیشن کی مذاکراتی کمیٹیاں تحلیل نہ کرنے کا اعلان

اسپیکر قومی اسمبلی، سردار ایاز صادق نے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سیاسی مذاکرات کے لیے قائم کمیٹیوں کو تحلیل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ساتھ مذاکرات کرنے والی کمیٹیاں برقرار رہیں گی اور وہ امید کرتے ہیں کہ، یہ کمیٹیاں دوبارہ مذاکرات پر آمادہ ہو جائیں گی۔

اسپیکر  نے اس بات پر زور دیا کہ، وہ مفاہمت پر یقین رکھتے ہیں اور ان کے مطابق ہر مسئلے کا حل مذاکرات ہی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ، حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مسائل کو حل کرنے کے لیے بات چیت ضروری ہے اور اس مقصد کے لیے قائم کی جانے والی کمیٹیاں اپنی کام جاری رکھیں گی۔

اس سے قبل، 28 جنوری کو اسپیکر قومی اسمبلی نے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کے لیے کمیٹیوں کا اجلاس طلب کیا تھا، جس میں تحریک انصاف نے شرکت نہیں کی۔ ایاز صادق نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ،حکومتی کمیٹی کی سربراہی نائب وزیر اعظم ،اسحق ڈار کر رہے تھے، لیکن تقریبا45 منٹ انتظار کرنے کے باوجود پی ٹی آئی کے ارکان اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔

علاوہ ازیں ، وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پی ٹی آئی کو پارلیمانی کمیٹی بنانے کی پیشکش کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ، وہ پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات آگے بڑھانے کے لیے صدق دل سے تیار ہیں۔ وزیراعظم نے کہا تھا کہ، پی ٹی آئی کی طرف سے مذاکرات کے لیے ہاؤس کمیٹی بنائی جائے اور حکومت اس میں بھرپور تعاون کرے گی۔

تاہم، پی ٹی آئی نے وزیراعظم کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ،شہباز شریف کی باتیں غیر متعلقہ ہیں اور وہ کسی ایسی آفر پر غور نہیں کریں گے۔ پی ٹی آئی کے موقف کے مطابق، وزیراعظم کی پیشکش مذاکرات میں کسی پیشرفت کے لیے کافی نہیں ہے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں