مائیکروسافٹ نے اسکائپ کو باضابطہ طور پر بند کر دیا، صارفین ‘ٹیمز’ پر منتقل

دو دہائیوں تک ویڈیو چیٹنگ کی دنیا پر راج کرنے والے پلیٹ فارم ‘اسکائپ’ کو مائیکروسافٹ نے آخرکار بند کر دیا ہے۔ کمپنی نے فروری 2025 میں اس فیصلے کا عندیہ دیا تھا، اور اب اسکائپ کو باضابطہ طور پر ختم کر کے صارفین کو اپنی نئی اور زیادہ پیشہ ور سروس ‘مائیکروسافٹ ٹیمز’ پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

مائیکروسافٹ 365 کے صدر جیف ٹیپر نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اسکائپ سے حاصل کردہ تجربے نے ‘ٹیمز’ کو ایک جامع اور بہتر پلیٹ فارم بنانے میں مدد فراہم کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایک ہی ویڈیو چیٹنگ ایپ پر توجہ مرکوز کرنا وقت کی ضرورت تھی تاکہ صارفین کو بہتر کارکردگی اور فیچرز فراہم کیے جا سکیں۔

یاد رہے کہ اسکائپ کا آغاز 2003 میں ایسٹونیا سے ہوا تھا، جہاں اسے نکلاس زینسٹروم اور جانس فریس نے قائم کیا تھا۔ بعد ازاں 2005 میں ای-بے نے اسکائپ کو خریدا اور پھر 2011 میں اسے مائیکروسافٹ نے حاصل کر لیا۔ اسکائپ ایک عرصے تک دنیا بھر میں ویڈیو اور آڈیو کالز کا مقبول ذریعہ رہا، مگر حالیہ برسوں میں مائیکروسافٹ نے اپنی توجہ ‘ٹیمز’ پر مرکوز کر دی تھی، جو اب باضابطہ طور پر اسکائپ کا متبادل بن چکی ہے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں