وزیراعظم شہباز شریف اورفیلڈ مارشل کی امریکی صدرسےملاقات

وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اہم ملاقات کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔ ملاقات امریکی دارالحکومت واشنگٹن کے اوول آفس میں خوشگوار اور گرمجوش ماحول میں ہوئی، جس میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور وزیر خارجہ مارکو روبیو بھی شریک تھے۔

وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کو دنیا بھر میں امن کی کوششوں کا علمبردار قرار دیا اور ان کی قیادت کو “جرات مندانہ، دلیرانہ اور فیصلہ کن” الفاظ سے خراجِ تحسین پیش کیا۔ خاص طور پر پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کی کوششوں اور جنوبی ایشیا میں ممکنہ تباہی کو روکنے میں کردار پر صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان انسداد دہشت گردی کے شعبے میں تعاون، سیکیورٹی، انٹیلی جنس اور علاقائی سلامتی سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے، اور اس حوالے سے عالمی سطح پر سراہا جانا پاکستان کے مؤقف کی تائید ہے۔

مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے غزہ میں جاری جنگ کے خاتمے کے لیے صدر ٹرمپ کی کوششوں کو سراہا۔ خاص طور پر نیویارک میں مسلم دنیا کے رہنماؤں کے ساتھ امن مذاکرات کی میزبانی کو مثبت قدم قرار دیا۔

وزیراعظم نے اس سال کے آغاز میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان ہونے والے ٹیرف معاہدوں پر بھی صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا اور اعتماد ظاہر کیا کہ ان کی قیادت میں دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے امریکی کمپنیوں کو پاکستان کے زرعی، آئی ٹی، معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے صدر ٹرمپ کو ان کی سہولت کے مطابق پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت دی۔ یہ ملاقات تقریباً 55 منٹ تک جاری رہی، جسے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات کا اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں