وزیر اعظم شہباز شریف کی صدر انڈونیشیا سے ملاقات، باہمی تعلقات اور کثیرالجہتی تعاون پر تبادلہ خیال

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے قاہرہ میں ڈی-8 سربراہی اجلاس کے موقع پر انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات، تجارتی اور اقتصادی تعاون، اور کثیرالجہتی فورمز پر تعاون سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ انڈونیشیا پاکستان کا قابل بھروسہ تجارتی شراکت دار ہے، خاص طور پر پام آئل فراہم کرنے والے ملک کے طور پر اس کے کردار کو سراہا، کیونکہ پاکستان خوردنی تیل کی ضروریات کا زیادہ تر حصہ انڈونیشیا سے درآمد کرتا ہے۔

انہوں نے آسیان اور اس کے رکن ممالک کے ساتھ روابط بڑھانے کے حوالے سے پاکستان کی گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور آسیان میں پاکستان کے سیکٹورل پارٹنر کے درجے اور آسیان علاقائی فورم کی رکنیت کے لیے انڈونیشیا کی حمایت کو سراہا۔ وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ پاکستان انڈونیشیا کے تعاون سے آسیان کا مکمل ڈائیلاگ پارٹنر بنے گا۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے فلسطین کے مسئلے پر اپنے غیر متزلزل موقف کا اعادہ کیا اور غزہ میں جنگ بندی اور مسئلہ فلسطین کے جامع حل کی ضرورت پر زور دیا۔ دونوں نے ایک خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کا بھی اعادہ کیا، جس کی سرحدیں 1967 کی بنیاد پر ہوں اور دارالحکومت القدس الشریف ہو۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے صدر پرابوو سوبیانتو کو دورہ پاکستان کی دعوت دی، جو انہوں نے قبول کر لی۔ اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطے میں رہنے اور اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں