پاکستانی عازمین حج کے لیے ایک اہم خوش خبری سامنے آئی ہے، سعودی عرب نے پاکستان کے لیے حج 2025 کے کوٹے میں 10 ہزار مزید عازمین کا اضافہ کر دیا ہے۔ اس اضافے کے بعد مزید 10 ہزار پاکستانی شہری حج کی سعادت حاصل کر سکیں گے۔
یہ پیشرفت نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ، محمد اسحٰق ڈار کی خصوصی درخواست پر ممکن ہوئی، جنہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر سعودی ہم منصب، شہزادہ فیصل بن فرحان السعود سے رابطہ کیا۔ اس رابطے میں انہوں نے ان پاکستانی شہریوں کے لیے حج کوٹے میں اضافے کی اپیل کی تھی جو مقررہ مدت کے خاتمے کے باعث رجسٹریشن سے محروم رہ گئے تھے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق، سعودی حکومت نے پاکستان کی درخواست کو خوش دلی سے قبول کرتے ہوئے حج کوٹے میں توسیع کی منظوری دے دی، جو دونوں ممالک کے گہرے برادرانہ تعلقات اور باہمی اعتماد کا مظہر ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ، اس فیصلے سے سعودی عرب کی جانب سے پاکستانی عوام کے لیے خصوصی خیر سگالی کا اظہار ہوتا ہے، اور اس سے ان افراد کو بھی موقع ملے گا جو حج کی تیاریوں میں رہ گئے تھے۔
وزیر اعظم شہباز شریف اور نائب وزیر اعظم اسحٰق ڈار نے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے، اور کہا ہے کہ، پاکستانی عوام اس برادرانہ اقدام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
یاد رہے کہ، پاکستان کے لیے حج کوٹے میں اضافہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب ملک بھر میں ہزاروں افراد کی حج کے لیے تیاری جاری ہے، اور یہ اعلان ان کے لیے خوشی اور راحت کا باعث بنا ہے۔