بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان نے اپنی نئی فلم کا اعلان کر دیا ہے، جس کی ہدایت کاری معروف فلم ساز وامشی پائیڈی پلی کریں گے جبکہ اسے دل راجو پروڈیوس کریں گے۔
سلمان خان نے سوشل میڈیا پر ہدایت کار کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یہ منصوبہ اپریل سے شروع ہو گا، جبکہ پروڈکشن ہاؤس سری وینکٹیشورا کریئیشنز نے بھی اس تعاون کی تصدیق کرتے ہوئے اسے ایک بڑی فلم قرار دیا ہے۔
یہ پہلا موقع ہو گا جب سلمان خان، وامشی پائیڈی پلی اور دل راجو ایک ساتھ کسی فلم میں کام کریں گے۔ فلم کی شوٹنگ آئندہ ماہ شروع ہونے کا امکان ہے جس کی مزید تفصیلات بعد میں سامنے آئیں گی۔
وامشی پائیڈی پلی اس سے قبل کئی کامیاب فلموں کی ہدایت کاری کر چکے ہیں جن میں مہارشی اور وریسو شامل ہیں، جبکہ دل راجو تیلگو سنیما کے نمایاں پروڈیوسرز میں شمار ہوتے ہیں اور متعدد ہٹ فلمیں بنا چکے ہیں۔
دوسری جانب سلمان خان ان دنوں اپنی آنے والی فلم ’ماترو بھومی‘ کی ریلیز کی تیاری میں مصروف ہیں، جس میں وہ ایک فوجی افسر کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ یہ فلم پہلے اپریل میں ریلیز ہونا تھی تاہم اسے مؤخر کر دیا گیا ہے اور نئی تاریخ کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا۔