رجیم چینج کی عالمی سیاست میں اہمیت

رجیم چینج سے مراد کسی ملک میں قائم حکمران نظام یا سیاسی قیادت کی تبدیلی ہے۔ بظاہر یہ ایک سادہ سیاسی اصطلاح دکھائی دیتی ہے، لیکن اس کے پس منظر میں طاقت، مفادات، نظریات اور عالمی سیاست کی پیچیدہ حرکیات کارفرما ہوتی ہیں۔ جمہوری معاشروں میں حکومتوں کی تبدیلی ایک معمول کا عمل ہے جو انتخابات یا پارلیمانی طریقہ کار کے ذریعے انجام پاتا ہے، مگر جب اقتدار کی تبدیلی غیر معمولی حالات، بیرونی دباؤ، فوجی مداخلت یا خفیہ کارروائیوں کے نتیجے میں ہو تو اسے عموماً رجیم چینج کے طور پر بیان کیا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ عالمی سیاست میں یہ اصطلاح اکثر تنازع اور بحث کا مرکز بنی رہتی ہے۔

تاریخی طور پر دیکھا جائے تو سرد جنگ کے دور میں رجیم چینج کا تصور زیادہ نمایاں ہو کر سامنے آیا۔ بڑی طاقتیں اپنے نظریاتی اور اسٹریٹجک مفادات کے تحفظ کے لیے مختلف خطوں میں اثرانداز ہوتی رہیں۔ 1953 میں ایران میں وزیرِاعظم محمد مصدق کی حکومت کا خاتمہ اس کی نمایاں مثال ہے۔ مصدق نے ایرانی تیل کی صنعت کو قومی تحویل میں لے کر برطانوی مفادات کو چیلنج کیا تھا۔ بعد ازاں منظرعام پر آنے والی دستاویزات سے ظاہر ہوا کہ امریکہ اور برطانیہ کی خفیہ ایجنسیوں نے “آپریشن ایجیکس” کے ذریعے سیاسی تبدیلی میں کردار ادا کیا۔ اس اقدام کے نتیجے میں شاہ ایران کے اختیارات مضبوط ہوئے، مگر اس واقعے نے ایرانی معاشرے میں بے چینی کی بنیاد رکھ دی جو بالآخر 1979 کے انقلاب پر منتج ہوئی۔ اس مثال سے واضح ہوتا ہے کہ وقتی طور پر حاصل ہونے والا سیاسی فائدہ طویل المدت استحکام کی ضمانت نہیں بنتا۔

اسی طرح 1973 میں چلی میں منتخب صدر سلواڈور آلینڈے کی حکومت فوجی بغاوت کے ذریعے ختم ہوئی۔ جنرل آگستو پنوشے کے اقتدار سنبھالنے کے بعد چلی میں طویل فوجی دور شروع ہوا۔ بعد کی امریکی دستاویزات سے عندیہ ملا کہ سرد جنگ کے تناظر میں امریکہ نے آلینڈے حکومت پر سیاسی اور معاشی دباؤ ڈالا تھا کیونکہ وہ سوشلسٹ پالیسیوں کے حامی تھے۔ اس رجیم چینج کے نتیجے میں اگرچہ بعض معاشی اصلاحات متعارف کرائی گئیں، مگر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے الزامات نے اس دور کو متنازع بنا دیا۔

اکیسویں صدی میں رجیم چینج کی سب سے نمایاں مثال 2003 میں عراق پر امریکی حملہ ہے۔ امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے یہ مؤقف اختیار کیا کہ عراق کے پاس وسیع پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیار موجود ہیں اور وہ عالمی امن کے لیے خطرہ ہے۔ تاہم بعد میں ایسے ہتھیاروں کے شواہد سامنے نہ آ سکے۔ صدام حسین کی حکومت کے خاتمے کے بعد عراق میں سیاسی خلا پیدا ہوا، فرقہ وارانہ تشدد میں اضافہ ہوا اور ملک طویل عرصے تک عدم استحکام کا شکار رہا۔ اس واقعے نے رجیم چینج کے تصور پر عالمی سطح پر سوالات کھڑے کر دیے کہ آیا بیرونی عسکری طاقت کے ذریعے کی جانے والی تبدیلی واقعی پائیدار استحکام لا سکتی ہے یا نہیں۔

2011میں لیبیا میں عرب بہار کی تحریک کے دوران معمر قذافی کے خلاف بغاوت اٹھی۔ نیٹو افواج نے باغیوں کی حمایت میں فضائی کارروائیاں کیں جس کے نتیجے میں قذافی حکومت کا خاتمہ ہوا۔ ابتدا میں اسے آمریت کے خاتمے اور جمہوریت کی جانب قدم قرار دیا گیا، لیکن بعد ازاں لیبیا داخلی تقسیم، مسلح گروہوں کی کشمکش اور سیاسی انتشار کا شکار ہو گیا۔ اس مثال نے بھی واضح کیا کہ حکومت کی تبدیلی کے بعد ریاستی ڈھانچے کو مستحکم رکھنا سب سے بڑا چیلنج ہوتا ہے۔

رجیم چینج ہمیشہ بیرونی طاقتوں کے ذریعے نہیں ہوتا۔ بعض اوقات داخلی عوامی تحریکیں بھی حکومتوں کو گرا دیتی ہیں۔ عرب بہار کے دوران کئی ممالک میں عوامی احتجاج نے سیاسی تبدیلیوں کی راہ ہموار کی۔ تاہم ہر ملک میں نتائج مختلف رہے۔ کہیں جمہوری عمل کو تقویت ملی اور کہیں خانہ جنگی کی کیفیت پیدا ہو گئی۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سیاسی تبدیلی کی کامیابی کا انحصار صرف حکومت کے خاتمے پر نہیں بلکہ بعد ازاں ادارہ جاتی استحکام، قومی اتفاق رائے اور معاشی پالیسیوں پر ہوتا ہے۔

موجودہ دور میں ایران ایک بار پھر عالمی سیاست کے مرکز میں ہے۔ ایران کا جوہری پروگرام، خطے میں اس کا اثر و رسوخ، اور اسرائیل کے ساتھ کشیدگی عالمی سطح پر توجہ کا باعث بنے ہوئے ہیں۔ حالیہ برسوں میں ایران اور اسرائیل کے درمیان براہِ راست اور بالواسطہ ایک دوسرے پر حملے جاری ہیں، جن میں فضائی حملے اور میزائل کارروائیاں شامل ہیں۔ امریکہ کی جانب سے ایران پر عائد اقتصادی پابندیاں بھی اس دباؤ کا حصہ ہیں۔ بعض تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ مسلسل معاشی اور عسکری دباؤ کسی بھی ملک کے اندرونی سیاسی ڈھانچے کو کمزور کر سکتا ہے، تاہم ایران کا سیاسی نظام نظریاتی بنیادوں اور مضبوط ریاستی اداروں پر قائم ہے، جس کے باعث فوری رجیم چینج کے امکانات محدود دکھائی دیتے ہیں۔

ایران کے معاملے میں صورتحال پیچیدہ ہے۔ ایک طرف مغربی ممالک ایران کے جوہری پروگرام کو عالمی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہیں، دوسری جانب ایران اسے اپنی خودمختاری اور دفاعی حق کا حصہ سمجھتا ہے۔ اسرائیل کی جانب سے ایران سے وابستہ اہداف پر حملے اور ایران کا جوابی ردعمل خطے میں کشیدگی کو بڑھا رہا ہے۔ ان کارروائیوں کو براہِ راست رجیم چینج کی کوشش قرار قرار دیا جارہا ہے، اور اس کے ساتھ دباؤ کی یہ فضا خطے میں طاقت کے توازن کو متاثربھی کررہی ہے۔ سفارتی محاذ پر مذاکرات کی کوششیں کسی حد تک جاری ہیں، مگر اعتماد کی کمی اور علاقائی سیاست نے اس مسئلے کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔

رجیم چینج کے تصور کا ایک اہم پہلو یہ ہے کہ کیا بیرونی مداخلت کے ذریعے لائی گئی تبدیلی عوامی حمایت حاصل کر سکتی ہے؟ تاریخ بتاتی ہے کہ اگر نئی حکومت کو عوامی قبولیت نہ ملے تو وہ طویل عرصے تک مستحکم نہیں رہتی۔ عراق اور لیبیا کی مثالیں اس حوالے سے نمایاں ہیں جہاں حکومت کے خاتمے کے بعد ریاستی ڈھانچہ کمزور پڑ گیا۔ اس کے برعکس وہ تبدیلیاں جو داخلی جمہوری عمل کے ذریعے آئیں، نسبتاً زیادہ پائیدار ثابت ہوئیں۔

سیاسی ماہرین اس بات پر زور دیتے ہیں کہ پائیدار استحکام کے لیے آئینی عمل، شفاف انتخابات، آزاد عدلیہ اور مضبوط ادارے ناگزیر ہیں۔ اگر نظام میں اصلاح کی گنجائش موجود ہو اور سیاسی قوتیں مکالمے کو ترجیح دیں تو رجیم چینج ایک بحران کے بجائے جمہوری ارتقا کا ذریعہ بن سکتا ہے۔ لیکن اگر طاقت کا استعمال غالب آ جائے تو نتائج غیر یقینی ہو جاتے ہیں۔

رجیم چینج در اصل ایک پیچیدہ اور کثیرالجہتی عمل ہے جسے صرف ایک زاویے سے نہیں دیکھا جا سکتا۔ ایران، چلی، عراق اور لیبیا کی مثالیں ظاہر کرتی ہیں کہ حکومت کی تبدیلی کے پیچھے داخلی اور خارجی عوامل کا گہرا تعلق ہوتا ہے۔ موجودہ ایران کی صورتحال بھی اسی وسیع تناظر کا حصہ ہے جہاں علاقائی کشیدگی، عالمی مفادات اور قومی خودمختاری باہم ٹکرا رہے ہیں۔ تاریخ کا سبق یہی ہے کہ پائیدار امن اور استحکام طاقت کے استعمال سے نہیں بلکہ مکالمے، آئینی عمل اور عوامی اعتماد سے حاصل ہوتا ہے۔ یہی اصول عالمی سیاست میں رجیم چینج کی بحث کو سمجھنے کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں