اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ کے حوالے سے آئندہ کم از کم تین ہفتوں کے لیے تفصیلی منصوبہ بندی تیار کر لی گئی ہے اور اس کے بعد کے مرحلے کے لیے بھی اضافی منصوبے موجود ہیں۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نداو شوشانی نے صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ فوج کے پاس آئندہ تین ہفتوں کے لیے مکمل عملی منصوبے موجود ہیں جبکہ اس سے آگے کے ممکنہ اقدامات کے لیے بھی حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کے اہداف محدود نوعیت کے ہیں اور ان کا مقصد ایران کی اس صلاحیت کو کمزور کرنا ہے جس کے ذریعے وہ اسرائیل کو خطرہ پہنچا سکتا ہے۔ اس مقصد کے تحت ایران کے بیلسٹک میزائل کے ڈھانچے، جوہری تنصیبات اور سیکیورٹی نظام کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
نداو شوشانی کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی کوشش ہے کہ ایرانی حکومت کو زیادہ سے زیادہ کمزور کیا جائے اور اس کے سیکیورٹی اداروں کی تمام صلاحیتوں کو نقصان پہنچایا جائے۔ ان کے مطابق اسرائیلی فوج کے پاس ایران کے اندر اب بھی ہزاروں اہداف موجود ہیں جنہیں نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔