رمضان پیکج 2025 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےوزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ رواں سال رمضان پیکج کے لیے تقریباً 20 ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے جبکہ پچھلے سال یہ رقم 7 ارب تھی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ رمضان میں 2 کروڑ شہریوں کو ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے فی خاندان 5 ہزار روپے دیے جائیں گے۔
انہوں نے مدرسہ حقانیہ میں حملے کی مذمت کی اور کہا کہ یہ بہت دلخراش واقعہ ہے، پاکستان میں کروڑوں لوگ اس واقعے پر افسردہ ہیں، ملک میں قربانیوں سے دہشتگردی 2018 میں ختم ہوگئی تھی، انشااللہ اب دوبارہ اس کا قلع قمع کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ جب 2022 میں روپیہ اور ڈالر میں فرق آیا تو بینکوں نے ونڈ فال پرافٹ کمائی تو ہم نے قانون بنایا اور ونڈ فال ٹیکس لگایا مگر بینک عدالتوں میں چلے گئے اور حکم امتناعی لے لیا، اب ہماری دوبارہ حکومت آئی تو ہم نے ہدف مقرر کیا کہ ان کیسز سے 500 ارب روپے لے کر آئیں گے۔
وزیراعظم نے گورنر اسٹیٹ بینک کو سراہتے ہوئے کہا کہ چند دن پہلے سندھ ہائیکورٹ نے ایک حکم امتناعی خارج کردی اور گورنر اسٹیٹ بینک ایک ہی دن میں 23 ارب روپے لے کر آئے اور خزانے میں جمع کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یوٹیلٹی اسٹورز سے جان چھوٹی اور شفاف نظام سامنے آیا، یوٹیلٹی اسٹورز میں بدترین کرپشن تھی اور قوم کو لوٹا جارہا تھا۔