پاکستان کی جانب سے بھارت کے 6 جنگی طیارے مار گرائے جانے کے بعد فرانسیسی جنگی طیارہ ساز کمپنی، ڈاسو ایوی ایشن (Dassault Aviation) کے عالمی مارکیٹ میں شیئرز میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ماہرین کے مطابق کمپنی کی ساکھ اور تکنیکی اعتماد پر پڑنے والے منفی اثرات کے باعث سرمایہ کاروں کا اعتماد متزلزل ہوا ہے۔
واضح رہے کہ رافیل لڑاکا طیارے بھارتی فضائیہ کا فخر سمجھے جاتے تھے، جنہیں اعلیٰ ٹیکنالوجی، رفتار اور ہدف نشانہ بنانے کی صلاحیت کے اعتبار سے بھارت نے خطے میں برتری کی علامت بنا رکھا تھا۔ تاہم گزشتہ شب پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کے بعد پاک فضائیہ کی جانب سے جوابی کارروائی میں بھارت کے 6 جنگی طیارے مار گرائے گئے، جن میں 3 جدید رافیل طیارے بھی شامل تھے۔
یورپی اسٹاک مارکیٹ کے مطابق، پاک فضائیہ کے ہاتھوں رافیل طیاروں کی تباہی کے بعد ڈاسو ایوی ایشن کے شیئرز میں فوری طور پر 4.7 فیصد کمی واقع ہوئی، جو کہ کمپنی کے حالیہ مہینوں میں سب سے بڑی گراوٹ ہے۔ سرمایہ کاروں نے دفاعی شعبے میں کمپنی کی کارکردگی اور جنگی میدان میں طیاروں کی افادیت پر سوالات اٹھائے ہیں۔
عالمی دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ رافیل طیاروں کی تباہی صرف بھارت کیلئے عسکری نقصان نہیں بلکہ فرانس کیلئے سفارتی اور تجارتی دھچکا بھی ہے۔ یہ واقعہ دنیا بھر میں ہتھیاروں کے خریدار ممالک کو بھی سوچنے پر مجبور کر رہا ہے کہ جدید ہتھیاروں کی اصل صلاحیت صرف پروموشن تک محدود نہ ہو، بلکہ عملی میدان میں بھی ثابت ہو۔