قطر کی ثالثی، افغان حکومت نے ایک اور امریکی شہری کو رہا کر دیا

قطری ثالثوں کی سربراہی میں ہونے والے مذاکرات کے نتیجے میں افغانستان میں طالبان کے زیر حراست ایک امریکی شہری کو رہا کر دیا گیا ہے۔ طالبان کی قید سے آزاد ہونے والے شخص کی شناخت عامر امیری کے نام سے ہوئی ہے، جو اس سال افغانستان میں رہا ہونے والے پانچویں امریکی شہری ہیں۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ قطر کی انتھک سفارتی کوششوں کے باعث امیری کی رہائی ممکن ہو سکی ہے۔ تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ عامر امیری کو کن وجوہات کی بنا پر حراست میں لیا گیا تھا۔

امریکی وزیر خارجہ کے مطابق، افغانستان میں اب بھی مزید امریکی شہری غیر منصفانہ طور پر نظر بند ہیں اور ٹرمپ انتظامیہ ان کی رہائی کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

قطر کی وزارت خارجہ نے بتایا ہے کہ انھوں نے عامر امیری کی رہائی میں سہولت فراہم کی ہے اور امریکہ کے سفر سے قبل انھیں دوحہ منتقل کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق، قطر نے مارچ میں امیری کی رہائی کے لیے بات چیت کا آغاز کیا تھا اور اس سلسلے میں ان کی اور امریکی ایلچی ایڈم بوہلر سے ملاقات کا بندوبست کیا تھا۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں