مذاکرات کی ناکامی کے بعد پی ٹی آئی کی سڑکوں پر انٹری

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 8 فروری کو مینار پاکستان لاہور پر جلسے کی اجازت کیلئے درخواست دے دی۔ چیف آرگنائزر پاکستان تحریک انصاف پنجاب عالیہ حمزہ نے ڈی سی آفس میں درخواست جمع کروائی۔

درخواست کے متن میں کہا گیا کہ پاکستان تحریک انصاف 8 فروری کو مینار پاکستان پارک میں جلسہ کرنا چاہتی ہے، پی ٹی آئی کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت دی جائے۔متن میں کہا گیا کہ عالیہ حمزہ، احمد خان بھچر اور علی اعجاز بٹر جلسہ منعقد کریں گے۔

ڈی سی آفس کے سامنے بات کرتے ہوئے عالیہ حمزہ نے کہا کہ ہم نے مینار پاکستان پر جلسے کیلئے این او سی کی درخواست کردی ہے ۔اس بار  ہم کمزور این او سی پر جلسہ نہیں کریں گے، جلسہ عوام ہی شروع کرتی ہے اور عوام کو کوئی نہیں روک سکتا۔

اس  سے پہلے نجی ٹی وی کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خیبرپختونخوا کے نئے صدر جنید اکبر خان نے  کہا کہ8 فروری صوابی جلسے کیلئے ایم این ایزکو اعتماد میں لوں گا، اب کی بار زیادہ جذبے سے نکلیں گے۔

پی ٹی آئی پختونخوا کے صدر  نے کہا کہ اس ہفتے کے پی کابینہ میں کچھ لوگ کم ہو جائیں گے  جبکہ  دو نئے شامل کریں گے اور  تنظیم  بھی ری اسٹرکچر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے نتیجے میں تمام  ہارڈ لائنر لوگ سامنے آئیں گے۔ جبکہ تحریک انصاف میں ہومیوپیتھک قیادت کوسائیڈ پر کیا جائے گا۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں