‘یہ سب اُس تیز رفتار لڑکی کی وجہ سے ممکن ہوا’، پریانکا چوپڑا کا ہالی ووڈ میں انٹری کے وقت مشکلات پر اظہارِ خیال

بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑاجونس نے بالی وڈ سے ہالی وڈ تک اپنے سفر کو مشکل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ صرف ایک کیریئر نہیں بلکہ ایک مستقل شناخت اور وراثت قائم کرنا چاہتی تھیں۔

43 سالہ اداکارہ نے ہارورڈ یونیورسٹی میں ایک تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے امریکا میں اپنے ابتدائی دنوں کو یاد کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت وہ ذاتی اور پیشہ ورانہ طور پر ایک مشکل دور سے گزر رہی تھیں۔اداکارہ کے مطابق ایک انٹرویو کے دوران وہ جذباتی کیفیت میں تھیں اور اسی لمحے ان کے منہ سے نکلا کہ وہ صرف کیریئر نہیں بلکہ ایک ایسی وراثت چاہتی ہیں جو دیرپا ہو۔

پریانکا چوپڑا نے کہا کہ بھارت میں کام کے حوالے سے درپیش مسائل کے باعث انہوں نے ہالی وڈ کا رخ کیا تاکہ نئے مواقع تلاش کر سکیں اور خود کو سنبھال سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض اوقات انہیں 15 گھنٹے تک انتظار کرنا پڑتا تھا اور کئی بار ایسا بھی ہوا کہ پورا دن گزر گیا مگر شوٹنگ نہیں ہو سکی۔ یہ تجربات ان کے لیے نئے تھے کیونکہ بھارت میں انہیں ایسی صورتحال کا سامنا نہیں کرنا پڑا تھا۔ اس کے باوجود وہ ہر روز اسی عزم کے ساتھ کام پر جاتیں کیونکہ ان کی نظر طویل مدتی مقصد پر تھی۔

فلم ‘ہیڈز آف اسٹیٹ’ کی اداکارہ نے تقریب کے دوران کامیابی کی اپنی تعریف بھی بیان کی۔ ان کے مطابق، کامیابی کا اصل مطلب یہ ہے کہ وہ اپنے خاندان کے ساتھ وقت گزار سکیں، اپنی بیٹی کو اسکول سے خود لے سکیں اور پیشہ ورانہ زندگی کے ساتھ ذاتی زندگی میں توازن قائم رکھ سکیں۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ وہ اپنی کم عمری کے فیصلوں پر خود کو معاف کر چکی ہیں، چاہے وہ ان سے مکمل طور پر متفق نہ بھی ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی اُس محنتی اور تیز رفتار لڑکی کی شکر گزار ہیں جس نے انہیں آج اس مقام تک پہنچایا۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں