وزیراعظم شہباز شریف کی یومِ پاکستان پر قوم کو مبارکباد، قومی یکجہتی اور معاشی بہتری پر زور

وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ پاکستان کے موقع پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ 23 مارچ جنوبی ایشیا کی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ آزادی کی نعمت ہمارے اسلاف کے تدبر، عزم، استقامت اور قربانیوں کا واضح ثبوت ہے، جسے ہر صورت برقرار رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو قائداعظم کے تصورات کے مطابق ڈھالنے کے لیے ایک مشترکہ اور مربوط لائحہ عمل اپنانا ضروری ہے۔

معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیلنجز کے باوجود حکومت نے معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر ڈال دیا ہے۔ ان کے مطابق افراطِ زر میں کمی، سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ اور دیگر مثبت اقتصادی اشاریے درست سمت کی نشاندہی کرتے ہیں۔

شہباز شریف نے مسلح افواج کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کی آزادی اور خودمختاری کے دفاع میں مصروف ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مختلف آپریشنز میں افواج نے عسکری تاریخ میں اہم کامیابیاں حاصل کیں اور یہ ثابت کیا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط اور ناقابلِ تسخیر ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں قومی عزم کی عکاسی کرتی ہیں اور ملک کی سلامتی کے لیے یہ اقدامات ناگزیر ہیں۔

علاقائی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے وابستہ ہے، جبکہ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

انہوں نے مشرقِ وسطیٰ کی حالیہ کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سفارتکاری کا محور علاقائی استحکام، مکالمہ اور باہمی احترام ہے، اور پائیدار امن کے لیے مذاکرات ہی واحد راستہ ہیں۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں