جمہوریہ مالدیپ میں تعینات پاکستان کے ہائی کمشنر وائس ایڈمرل (ر) فیصل رسول لودھی نے مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیز کو اپنی اسناد سفارت پیش کیں تقریب میں مالدیپ کی نیشنل ڈیفنس فورس کے ڈرم اور ٹرمپیٹ بینڈ نے بھی شرکت کی۔
اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔ پاکستانی ہائی کمشنر نے پرتپاک استقبال پر مالدیپ کے صدر کا شکریہ ادا کیا اور صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام بھی پہنچایا۔
مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیز نے پاکستان اور مالدیپ کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات میں تجارت، صحت، تعلیم، موسمیاتی تبدیلی، سیاحت، اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو وسعت دینے پر بھی گفتگو ہوئی۔